شادی رجسٹریشن فارم میں ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد(آئی این پی) قومی اسمبلی میں جے یو آئی (ف) کے اراکین اسمبلی نے شادی رجسٹریشن فارم میں ختم نبو ت کا حلف نامہ شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے اوراس حوالے سے توجہ دلائو نوٹس بھی ایوان میں پیش کر دیا ہے، جبکہ حکومت نے مطالبے کی حمایت کی ہے ، اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے توجہ دلائو نوٹس کمیٹی کے سپرد کرکے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ شادی رجسٹریشن فارم میں ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کرنے کے حوالے سے قانون سازی یا جو بھی طریقہ اختیار کرنا ہے وہ جلدکیا جائے ۔

جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں ہوا ، اجلاس کے دوران جے یو آئی(ف) کے ارکان اسمبلی محمد جمال الدین ، عالیہ کامران اور صلاح الدین ایوبی کی جانب سے دارالحکومت اسلام آباد میں شادی رجسٹریشن فارم میں نادرا اور پاسپورٹ فارموں کی طرز پر حضرت محمد ؐ کے خاتم النبیین ہونے کا حلف شامل نہ کئے جانے سے متعلق توجہ دلائو نوٹس پیش کیا گیا اور شادی رجسٹریشن فارم میں ختم نبوتؐ کا حلف نامہ شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔جس کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے داخلہ محمد سجاد نے شادی رجسٹریشن فارم میں ختم نبو ت کا حلف نامہ لازمی شامل کرنے کی حمایت کی ۔ اس موقع پر اسپیکر راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ ختم نبو ت پر غیر متزلزل یقین ہمارے ایمان کا حصہ ہے،اسپیکر نے توجہ دلائو نوٹس کمیٹی کے سپرد کرکے حکومت کو ہدایت کی کہ شادی رجسٹریشن فارم میں ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کرنے کے حوالے سے قانون سازی یا جو بھی طریقہ اختیار کرنا ہے وہ جلدکیا جائے

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں