وزیراعظم کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات، نئے آرمی چیف کی تقرری کی سمری کب بھجوائی جائیگی؟ فیصلہ ہو گیا

لندن (پی این آئی) وزیراعظم شہبازشریف اور قائد ن لیگ نوازشریف کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی، نئے آرمی چیف کی تقرری کیلئے سمری آئندہ ہفتے بھجوائے جانے کا فیصلہ کرلیا گیا، وزیراعظم آئندہ ہفتے اتحادی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے، اہم تعیناتی مقررہ وقت پر وزیراعظم کریں گے۔

 

 

قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف اوروزیراعظم شہبازشریف کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور شہبازشریف کے درمیان ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تقرری کیلئے سمری آئندہ ہفتے بھجوائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم شہبازشریف آئندہ ہفتے اتحادی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے، اہم تعیناتی مقررہ وقت پر وزیراعظم کریں گے۔اسی طرح یہ فیصلہ کیا گیا کہ لانگ مارچ سے کسی دباؤ کا شکار نہیں ہوں گے، لانگ مارچ کے شرکاء سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ نوازشریف کی وطن واپسی اسی سال میں ہوگی۔ مزید برآں اے آروائی نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے قائد ن لیگ اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سفارتی پاسپورٹ جاری کردیا ہے، نوازشریف کو سفارتی پاسپورٹ 5 سال کیلئے جاری کیا گیا ہے، سفارتی پاسپورٹ نوازشریف کو بھجوا دیا گیا ہے۔پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے آفس سے نوازشریف کو پاسپورٹ بھجوایا گیا ہے۔ سابق حکومت نے کرپشن کیسز میں سزا ہونے کی وجہ سے نوازشریف کا پاسپورٹ منسوخ کردیا تھا۔

 

 

 

یاد رہے موجودہ حکومت رواں سال نوازشریف کو عام پاسپورٹ پہلے ہی جاری کرچکی ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف نے لندن میں اپنے بھائی قائد ن لیگ نوازشریف سے ملاقات بھی کی، جس میں موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایون فیلڈ میں ہونے والی ملاقات میں نائب صدر ن لیگ مریم نواز اور سلیمان شہباز بھی موجود تھے۔ خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات اپنی ٹویٹ میں بتایا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کاپ 27 کانفرنس میں شرکت کے بعد نجی دورے پر لندن پہنچے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close