لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے لانگ مارچ کا 7 روز کے وقفے کے بعد وزیرآباد سے سفر کا آغاز(آج ) جمعرات سے ہو گا۔ تحریک انصاف نے گزشتہ ماہ کی 28 تاریخ کو لاہور سے لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا جو گزشتہ ہفتے جی ٹی روڈ پر وزیرآباد کے علاقے میں عمران خان پر فائرنگ کے بعد روک دیا گیا تھا۔ یہ حملہ تین نومبر کو ہوا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چودھری نے لکھا کہ حقیقی آزادی مارچ جمعرات سے دوبارہ شروع ہو گا، راولپنڈی پہنچنے کی تاریخ میں اب مزید توسیع نہیں کر رہے۔ عمران خان تیسرے ہفتے میں لاکھوں لوگوں کے ساتھ راولپنڈی ہوں گے۔دوسری طرف صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت اجلاس میں مارچ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے استحکام کے لیے واضح موقف اختیار کیا ہے۔ حقیقی آزادی مارچ کے ثمرات عوام تک ضرور پہنچیں گے۔ عمران خان ذاتی مفادات کی سیاست کے خلاف جہاد کر رہے ہیں اور سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں۔ ان کی جماعت کی جدوجہد سے دنیا میں پاکستان کی عزت بحال ہو رہی ہے۔یاسمین راشد نے کہا کہ عمران خان پاکستان میں موروثی سیاست کے خلاف ایک کامیاب تبدیلی کا نام ہیں۔ آج پوری دنیا امپورٹڈ سرکار کے کارناموں سے واقف ہو چکی ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ کوئی چھوٹی بات نہیں۔ عمران خان پاکستانی پاسپورٹ کی عزت کی خاطر سامراجی نظام کے خلاف نکلے ہیں۔دوسری جانب وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران لانگ مارچ قافلے کے ٹوبہ ٹیک سنگھ والے روٹ کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلی نے لانگ مارچ کے ٹوبہ ٹیک سنگھ والے روٹ پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے پولیس حکام اور انتظامی افسران کو ہدایات دیں۔ اسد عمر ٹوبہ ٹیک سنگھ سے لانگ مارچ کے قافلے کو لیڈ کریں گے۔ لانگ مارچ کا قافلہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، فیصل آباد، جڑانوالہ، چنیوٹ اور دیگر شہروں سے ہوتا ہوا راولپنڈی پہنچے گا۔ عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں