ملک میں صدارتی نظام نافذ کرنے کا آپشن، عمران خان کا اہم بیان آگیا

لاہور(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں صدارتی نظام کا آپشن موجود ہے، الیکشن کمشنر ن لیگ کا ہے اس لیے انتخابات میں ووٹنگ مشین کا ہونا بہت ضروری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے سربراہ جماعت اسلامی سراج الحق نے ملاقات کی۔

 

 

سراج الحق نے عمران خان کی عیادت کی اور وزیرآباد میں قاتلانہ حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد و مکمل شفایابی کیلئے دعا بھی کی۔ سراج الحق نے ذمہ داروں کے تعین اور محاسبے کیلئے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کرانے پر زور دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے امیرجماعت اسلامی سراج الحق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی ایک ایسا ایشو ہے کہ اس پر سب ہی کچھ نہ کچھ بول رہے ہیں، ملک میں صدارتی نظام کا آپشن موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت ان کی ہے لیکن وہ اتنے بے بس ہیں کہ قاتلانہ حملے کا مقدمہ بھی مرضی کے مطابق درج نہیں ہوسکا۔ عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمشنر ن لیگ کا ہے اس لیے انتخابات میں ووٹنگ مشین کا ہونا ضروری ہے۔دوسری جانب یاد رہے کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ کل بروز جمعرات سے دوبارہ شروع ہوگا۔ لانگ مارچ کا آغاز وزیر آباد سٹی کے اس مقام سے کیا جائے گا جس مقام پر پی ٹی آئی کے قائد عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لانگ مارچ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے عمران خان کی ذاتی رہائش گاہ زمان پارک سیاسی سرگرمیوں کا گڑھ بنا ہوا ہے۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے مختلف رہنما عمران خان سے بغیر ملاقات کئے واپس چلے گئے۔

 

 

اس حوالے سے پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے لئے تیار کی گئی لسٹ میں جن پارٹی رہنمائوں کے نام شامل تھے صرف انہیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت تھی۔ گزشتہ روز بھی عمران خان کی ذاتی رہائش گاہ زمان پارک میں بھاری پولیس تعینات رہی اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے جبکہ عمران خان سے ملنے والے پارٹی رہنمائوں کے درمیان آج شروع ہونے والے لانگ مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close