سیمی فائنل میں شاندار فتح حاصل کرنے پر آرمی چیف کا قومی ٹیم کے نام پیغام جاری

راولپنڈی (پی این آئی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے قومی ٹیم کی سیمی فائنل میں شاندار فتح پر آرمی چیف کا بیان جاری کردیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بہترین پرفارمنس کے ساتھ سیمی فائنل جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد، قومی ٹیم کو فائنل کیلئے گڈ لک، پاکستان زندہ باد۔

 

 

 

اسی طرح وزیراعظم شہبازشریف نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کو شاندار جیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ شاندار کامیابی پر شاباش ٹیم پاکستان۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے جیت پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ فائنل کیلئے نیک خواہشات، گڈ لک ٹیم پاکستان۔ یاد رہے ٹی20 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو6 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ کیوی بلے باز فن ایلن نے پہلی ہی گیند پر چوکا لگایا لیکن اگلی گیند پر امپائر نے انہیں آؤٹ دیا البتہ انہوں نے ریویو لینے کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا کیونکہ ان کے بلے سے لگنے کے بعد پیڈ پر لگی تھی۔ تاہم اگلی ہی گیند پر ایک مرتبہ پھر گیند ان کے پیڈ سے ٹکرائی اور امپائر نے انہیں دوبارہ ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا، ایلن نے اس مرتبہ بھی ریویو لیا لیکن اس بار تھرڈ امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دیا جبکہ کیوی ٹیم ریویو سے بھی محروم ہو گئی۔ ڈیون کونوے کا ساتھ دینے کپتان کین ولیمسن آئے ہیں اور دونوں کھلاڑیوں نے مل کر اسکور کو 38 تک پہنچایا۔ پاور پلے کی آخری گیند پر شاداب خان کی براہ راست تھرو نے کونوے کی اننگز کا خاتمہ کردیا، کونوے نے 20 گیندوں پر 21 رنز بنائے۔ پاکستان کو جلد ہی تیسری وکٹ بھی لینے کا موقع ملا لیکن محمد نواز اپنی ہی گیند پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن رن آؤٹ نہ کر سکے۔ تاہم پاکستان کو اگلی وکٹ کے لیے مزید انتظار نہ کرنا پڑا اور محمد نواز نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر خطرناک گلین فلپس کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

 

 

 

ولیمسن کا ساتھ دینے ڈیرل مچل آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 68 رنز کی شراکت قائم کی، شاہین شاہ آفریدی نے اپنے آخری اوور میں 46 رنز بنانے والے ولیمسن کو آؤٹ کر کے پاکستان کو چوتھی کامیابی دلائی۔ ڈیرل مچل نے نصف سنچری مکمل کی۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے، مچل نے 35 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی ۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو محمد رضوان نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر چوکا لگایا ۔ بابر اعظم کو پہلی ہی گیند پر موقع ملا جب سلپ میں کھڑے ڈیون کونوے ان کا کیچ نہ لے سکے جبکہ بولٹ کے ایک اوور میں دونوں اوپنرز نے تین چوکے مارے۔ دونوں کھلاڑیوں نے پاور پلے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور چھ اوورز میں ٹیم کو 55رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ پورے ٹورنامنٹ میں آؤٹ آف فارم رہنے والے پاکستانی کپتان نے فارم میں واپسی کا ثبوت دیتے ہوئے 38 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 50 مکمل کی۔ دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 105 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد بابر کی 53 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔ رضوان نے بھی بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 36 گیندوں پر نصف سنچری سکور کی۔ محمد رضوان نے 43 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی لیکن بولٹ کی فل ٹاس گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ کیچ دے بیٹھے۔ نوجوان حارث نے ایک مرتبہ پھر 26 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی لیکن فتح سے محض دو رنز قبل وہ مچل سینٹنر کو وکٹ دے بیٹھے۔ پاکستان نے آخری اوور میں ہدف حاصل کر کے میچ میں تین وکٹوں سے فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ فائنل میں بھی جگہ بنا لی۔ محمد رضوان کو شاندار نصف سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس سے قبل سڈنی میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی بڑا ہدف دیکر پاکستان کو پریشر میں لیکر آئیں۔

 

 

 

اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی جلد وکٹیں گرا کر دباؤ بڑھانے کی کوشش کریں گے تاکہ ایونٹ کے فائنل میں رسائی کو ممکن بنائیں۔ قبل ازیں ٹی20 ورلڈکپ میں دونوں ٹیمیں 6 مرتبہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئی ہیں، جس میں قومی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ پاکستان نے حریف ٹیم کو 4 مرتبہ شکست دی ہے جبکہ کیویز 2 بار کامیابی سمیٹ چکے ہیں۔ پاکستانی سکواڈ کپتان بابراعظم، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف پر مشتمل ہے جب کہ نیوزی لینڈ کا سکواڈ کپتان کین ولیمسن، فن ایلن، ڈیون کونوے، گلین فلپس، ڈیرل مچل، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، ایش سودھی، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ پر مشتمل ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں