راولپنڈی(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے گذشتہ روز کارکن کو تھپڑ مارنے کے حق میں دلیل پیش کردی۔گذشتہ روز راولپنڈی میں مری روڈ پر جاری مظاہرے کے دوران فیاض الحسن چوہان نے اپنے ہی کارکن کو تھپڑ رسید کردیا تھا۔مظاہر ے میں موجود کارکن نے پیٹرول چھڑک کر ٹائر جلانے کی کوشش کی تھی جس کے دوران پیٹرول کے چھینٹے فیا ض الحسن چوہان پر آگئے اور فیاض چوہان کارکن کو تھپڑ مار بیٹھے جس کے بعد تلخ کلامی بھی دیکھنے میں آئی۔
تھپڑ کھانے وا لے کارکن نے فیاض الحسن سے پوچھا کہ آپ نے مجھے تھپڑ کیوں مارا جس پر انہوں نے کہا کہ یہ تھپڑ میں نے آپ کی حفاظت کے لیے مارا ہے کیوں کہ جو پیٹرول آپ نے چھڑکا اس پر آگ لگنے کا خطرہ تھا تاہم اس کے باوجود کارکن ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مظاہرہ چھوڑ کر چلا گیا۔مذکورہ واقعے کے بعد مری روڈ پر ہی پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ایک کارکن بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا تھا تاہم وہ بجلی کی تاروں سے چمٹ کر نیچے گرگیا اور شدید زخمی ہوگیا جسے ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔فیاض الحسن چوہان نے کھمبے سے گر کر زخمی ہونے والے کارکن کاحوالہ دے کرکہا کہ کل اس شخص کو بھی کوئی تھپڑ لگا دیتا تو وہ تاروں پر نہ چڑھتا، گذشتہ روز کارکن کو تھپڑ مارا تو اسے کہا تھا اپنا بچہ سمجھ کر مارا ہے۔دوسری جانب راولپنڈی میں تحریک انصاف کے مظاہروں سے تنگ ایک بزرگ خاتون فیاض الحسن چوہان پر برس پڑیں، ان کا کہنا تھا کہ گھنٹوں سے پھنسے کھڑے ہیں راستہ ہی نہیں مل رہا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں