پارٹی قیادت کیساتھ اختلافات، پیپلزپارٹی رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر کا مستعفی ہونے کااعلان

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کےرہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر بطور سینیٹر مستعفی ہو گئے۔انہوں نے سینیٹ سے مستعفی ہونے کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج پارٹی کے سینیر لیڈر سے ملاقات ہوئی۔مجھے بتایا گیا پارٹی قیادت میرے سیاسی موقف سے خوش نہیں ہے۔مجھے بتایا گیا کہ پارٹی میرا استعفیٰ چاہتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بخوشی استعفیٰ دینے پر رضامندی ظاہر کی۔۔

 

 

 

مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ سندھ سے سینیٹ کی نشست دینے پر پارٹی کی قیادت کا مشکور ہوں۔اختلافات کو ایک طرف کرتے ہوئے ان کے ساتھ شاندار سفر رہا،میری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں۔بطور سیاسی کارکن میں مفاد عامہ کے معاملات پر اپنی رائے کا اظہار کرنے کے اپنے حق کی قدر کرتا ہوں۔مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ کل چئیرمین سینیٹ کو باضابطہ طور پر استعفیٰ پیش کروں گا۔۔یہاں واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی نے حال ہی میں ایک پریس کانفرنس کی تھی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ میری ذاتی ویڈیوز بنا کر اہلخانہ کو بھیجی گئیں۔اعظم سواتی کی پریس کانفرنس پر مصطفی نواز کھوکھر نے سخت ردعمل دیا تھا۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی صاحب کا یہ کلپ چیئرمین سینیٹ اور تمام پارلیمان کے منہ پر طمانچہ ہے۔ کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ ہماری انٹیلیجنس والے اس حد تک بے غیرت ہو جائیں گے اور ہماری دینی، معاشرتی اخلاقیات کی اس طرح دھجیاں بکھیر دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی کی عزت نفس محفوظ نہیں۔خدا کی لعنت ہو ان لوگوں پر۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں