اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان ذاتی انتقام کیلئے جھوٹی ایف آئی آر درج کرانا چاہتے ہیں، دعوے سے کہتا ہوں،گرفتار ملزم ہی اصل ملزم ہے۔پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان پر حملے میں کوئی اور ملوث نہیں، ہمارے خلاف مقدمہ درج کرائیں شامل تفتیش ہونے کو تیار ہیں، عمران خان ذاتی انتقام کیلئے جھوٹی ایف آئی آر درج کرانا چاہتے ہیں، دعوے سے کہتا ہوں،گرفتار ملزم ہی اصل ملزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا قانون اتنا بے بس نہیں ہے کہ کوئی فراڈیا کہے اور چیف جسٹس اور آرمی چیف کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی جائے۔ ایسا تماشا ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دیتا ہے، عمران خان نے ایک سینئر فوجی افسر کا نام دیا ہے، فوج ایک منظم ادارہ ہے کوئی اس کی پالیسی کے خلاف نہیں جاسکتا۔وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو 4 گولیاں نہیں لگیں،ان کا چیک اپ غیر جانبدار میڈیکل بورڈ سے کرایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ملزم نوید کو تحریک انصاف کے کارکنوں نے ہی پکڑا ہے، عمران خان فتنہ ،فساد اور انار کی پھیلانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مٹھی بھر لوگوں کو احتجاج پر لگایا ہوا ہے، صوبائی پولیس احتجاجی مظاہرین کو سہولت فراہم کر رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں