پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس، جج نے عمران خان کی درخواست ہی سننے سے معذرت کر لی

لاہور ( آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ کے جج نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ایف آئی اے میں طلبی کے نوٹس کے خلاف درخواست پر سماعت کرنے سے معذرت کر لی۔لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی ایف آئی اے طلبی کے نوٹس پر سماعت ہوئی، جس میں جسٹس علی ضیاء باجوہ نے عمران خان کی ممنوعہ فنڈنگ میں ایف آئی اے طلبی کے خلاف درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی۔

عدالتِ عالیہ کے جسٹس علی ضیاء باجوہ نے فائل چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوا دی۔عدالتِ عالیہ کے جج نے درخواست دوسرے بینچ کے پاس سماعت کے لیے مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں تفتیش کے لیے طلب کیا تھا۔ایف آئی اے کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن میں تحریکِ انصاف کے لاہور اکائونٹ سے لا تعلقی کا اظہار کیا تھا جبکہ اکائونٹ کی تفصیلات کے اوپننگ فارم میں عمران خان کا اتھارٹی لیٹر لگا ہوا ہے۔ایف آئی اے کے 7نومبر کو طلبی کے نوٹس کو عمران خان کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔اس سلسلے میں دائر کی گئی درخواست میں عمران خان نے ایف آئی اے کو فریق بنایا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close