پشاور (پی این آئی ) جمعیت علماء اسلام (ف) کے منحرف رہنما مولانا گل نصیب خان نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان کر دیا۔پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی و اتحادی جماعتوں کا لانگ مارچ شروع ہے۔
مولانا گل نصیب خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے مارچ روانہ ہونے پر ہم ساتھ ہوں گے۔پی ڈی ایم غیر مقبول ہے،حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں، پی ڈی آئی میں شامل جماعتوں کا ایک دوسرے پر اعتماد نہیں۔ یہاں واضح رہے کہ مولانا گل نصیب بھی جمعیت علماء اسلام ف کے چار رہنماؤں میں شامل ہیں جنہیں منحرف ہونے کے بعد پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔25 دسمبر 2020ء کو جے یو آئی ف نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا۔جمعیت علماء اسلام ف نے منحرف اراکین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چار اہم رہنماؤں کو پارٹی سے نکالا تھا۔مولانا محمد خان شیرانی،حافظ حسین احمد،مولانا گل نصیب خان اور مولانا شجاع الملک کی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی تھی۔ترجمان کے مطابق کمیٹی نے چاروں رہنماؤں کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر رکنیت ختم کر کے پارٹی سے نکال دیا ۔
چاروں رہنماؤں کے ساتھ جو پارٹی رہنما پارٹی نظم سے متعلق پروگراموں میں شرکت کرے گا،ان کی رکنیت بھی ختم کر دی جائے گی۔اسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد کا کہنا ہے کہ ہمیں اس حوالے سے کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی،نہ ہی ہمیں کوئی شوکاز نوٹس ملا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں وضاحت کردوں کہ ہم جمیعت علماء اسلام ف کے نہیں بلکہ جمعیت علماء اسلام پاکستان کے رکن تھے اور رہیں گے۔میری رکنیت 1973 سے ہے۔جب جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا مفتی محمود نے اپنے قلم سے مجھے رکن بنایا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں