وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو بڑی خوشخبری سنا دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بند کر دیا گیا۔جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے رانا ثنا اللہ کی درخواست پر سماعت کی۔نیب وکیل فیصل بخاری نے دورانِ سماعت کہا کہ عدالتی حکم پر نیب نے جواب لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا ہے، اے این ایف نے رانا ثنااللہ کو منشیات کیس میں گرفتار کیا ہائیکورٹ سے ان کی ضمانت ہوئی۔راناثناء اللہ کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ اے این ایف نے کہا کہ رانا ثنااللہ نے ساری جائیداد منشیات کے کاروبار سے بنائی ہے۔

 

 

 

 

نیب کے مطابق رانا ثناءاللہ نے اثاثے کرپشن سے بنائے ہیں، نیب نے بھی جائیداد کی چھان بین کیلئے نوٹس بھیجا جسے عدالت میں چیلنج کیا گیا ہے۔جسٹس باقر علی نجفی نے استفسار کیا کہ نیب کی تحقیقات کہاں تک پہنچی ہیں،جس پر نیب کے وکیل نے بتایا کہ نیب ابھی تحقیقات کر رہا ہے، تحقیقات جاری ہیں۔وکیل امجد پرویز نے کہا پراپرٹی ایک ہی ہے،دو اداروں کے مختلف بیان آئے ہیں،نیب نے اپنے جواب میں خود کہا کہ راناثناء اللہ کے خلاف کرپشن کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اے این ایف والا معاملہ ابھی پینڈنگ ہے۔وکیل نے بتایا کہ یہ کیس متعلقہ کیس میں زیر سماعت ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیاراناثناءاللہ کے خلاف ریفرنس دائر ہو چکا ؟۔بعدازاں راناثناء اللہ کی نیب انکوائری ختم کرنے کی درخواست منظور کر لی گئی۔خیال رہے کہ 22 ستمبر2021ء کوقو می احتساب بیورو ( نیب ) لاہو رنے مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس تیار کیا تھا جسے منظوری کے لیے چیئرمین نیب کو بھجوایا گیا۔ریفرنس میں رانا ثنااللہ پر 19 کروڑ روپے کے اثاثے غیر قانونی طور پر بنانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔۔ریفرنس میں مزید کہا گیا تھا کہ لیگی رہنما نے متعدد بار نیب لاہور میں پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرایا تاہم نیب کو مطمئن نہیں کر سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں