جنرل باجوہ کی سرپرستی میں نئے الیکشن کی تاریخ اور نگران حکومت مقرر کی جائے، سینئر صحافی کی تجویز

اسلام آباد (پی این آئی) اینکر پرسن کامران خان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سیاسی قوتوں کو پابند کریں کہ سیاسی مسائل کا سیاسی حل ڈھونڈا جائے ، ان کی سرپرستی میں نئے الیکشن کی تاریخ اور نگران حکومت مقرر کی جائے۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کامران خان نے کہا کہ آج پاکستان کو بچانے کیلئے راست اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، آج سیاست نہیں پاکستان کو بچانا ہے، ہم سب سیاسی جنگ سے چھٹکارا چاہتے ہیں، کچھ عرصے کیلئے باہمی اعتماد سے قائم غیر سیاسی قومی حکومت چاہتے ہیں، قوم سکون چاہتی ہے اور معیشت اندرونی انتشار سے آزادی چاہتی ہے، اس کی کنجی افواجِ پاکستان کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی معاون فوجی قیادت کے پاس ہے، فوج پاکستان کی سالمیت کے تحفظ کی ضامن ہے، پاک فوج ہی پاکستان میں گردش کا محور ہے اس لیے فوجی لیڈر شپ کی پشت پر 22 کروڑ عوام کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی ، معاشی دلدل سے نکالنے کیلئے قوم فوجی قیادت کی طرف دیکھ رہی ہے، میں نے سنا ہے کہ فوجی قیادت پوری کوشش کر رہی ہے، جنرل باجوہ سیاسی قوتوں کو پابند کریں کہ حل طلب سیاسی مسائل کا سیاسی حل ڈھونڈا جائے۔

عمران خان ، نواز شریف اور آصف زرداری کچھ دو اور کچھ لو کی پالیسی اپنائیں، آرمی چیف کی سرپرستی میں باہمی اطمینان سے نئے الیکشن کی تاریخ طے ہوجائے اور الیکشن کمیشن میں مطلوبہ تبدیلیاں ہوجائیں، قوم کو مایوس نہ کریں اور پاکستان کو بچالیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close