عمران خان کو کتنی گولیاں لگیں؟ جناح ہسپتال اور شوکت خانم ہسپتال کی میڈیکل رپورٹس میں بڑا تضاد

لاہور(پی این آئی)شوکت خانم ہسپتال نے عمران خان کی میڈیکل رپورٹ جاری کردی ہے جبکہ اس سے قبل لاہور کی جناح ہسپتال بھی عمران خان کی میڈیکل رپورٹ جاری کر چکی ہے، عمران خان کی دونوں میڈیکل رپورٹوں میں واضح فرق سامنے آگیا ہے۔

جناح ہسپتال نے کہا تھا کہ عمران خان کو دونوں ٹانگوں میں ایک ایک گولی لگی دوسری جانب شوکت خانم ہسپتال نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ عمران خان کی صرف دائیں ٹانگ میں گولی کے 4ٹکڑے ملے ہیں جبکہ جمعے کو عمران خان خود بھی یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ انھیں4گولیاں لگی ہیں۔جناح ہسپتال کے مطابق عمران خان ہسپتال پہنچے تو بے ہوش تھے، شوکت خانم ہسپتال کے مطابق وہ ہوش میں تھے۔شوکت خانم ہسپتال کی جانب سے جاری کر دہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ عمران خان جمعرات کی شام ساڑھے 5 بجے شوکت خانم ہسپتال پہنچے، عمران خان جب ہسپتال پہنچے تو وہ ہوش میں تھے، انہیں اپنی دائیں ٹانگ میں شدید درد ہو رہا تھا۔شوکت خانم ہسپتال کی رپورٹ کے مطابق انہیں درد میں کمی کی ادویات دی گئیں، ان کا ایکسرے اور سی ٹی سکین کیا گیا جنہیں ریڈیالوجسٹ اورانہیں طبی امداد دینے والی ٹیم نے دیکھا۔

رپورٹ کے مطابق رات سوا 8 بجے عمران خان کی ران اور ٹانگ سے گولی کے ٹکڑے نکالنے کیلئے آپریشن کیا گیا، 2ٹکڑے ران میں موجود خون کی بڑی شریان کے قریب تھے، ایک ٹکڑا ان کی دائیں ٹانگ کی پنڈلی کے قریب تھا جو پنڈلی میں فریکچر کا سبب بنا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان کی دائیں ٹانگ سے گولی کے چار ٹکڑے نکال لئے گئے تاہم ان کی بائیں ٹانگ کے نچلے حصے میں موجود ٹکڑے نہیں نکالے گئے کیونکہ ان سے کسی نقصان کا اندیشہ نہیں تھا۔شوکت خانم ہسپتال کی جانب سے جاری میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کی دائیں ٹانگ پر پلاسٹر لگا دیا گیا تاکہ پنڈلی کا فریکچر ٹھیک ہونے میں مدد مل سکے، اب وہ بہتری کی جانب گامزن ہیں۔اس سے پہلے عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ انھیں 4گولیاں لگی ہیں جبکہ شوکت خانم ہسپتال نے بتایا ہے کہ ان کی دائیں ٹانگ سے گولی کے 4ٹکڑے ملے ہیں۔دوسری جانب لاہور کے جناح ہسپتال کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کو دونوں ٹانگوں میں ایک ایک گولی لگی۔

جناح ہسپتال انتظامیہ کے مطابق عمران خان کی دائیں ٹانگ پر گولی چھو کر گزر گئی جبکہ بائیں ٹانگ میں لگنے والی گولی نے ہڈی کو متاثر کیا۔جناح ہسپتال انتظامیہ کے مطابق عمران خان کی دونوں ٹانگوں پر زخموں کے 16 نشانات پائے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close