جیکب آباد(پی این آئی)جیکب آباد میں سابق نگران وزیر اعظم کی ہمشیرہ کے قافلے پر حملہ ، کوآرڈینٹر پر تشدد ، گاڑی کے شیشے توڑ دئے ، محمد میاں سومرو ہمشیرہ کے ہمراہ کیس داخل کرانے سٹی تھانے پہنچ گئے ، ملیحہ سومرو کا کہنا ہے کہ صوبائی مشیر کے چچازاد ولی جکھرانی نے حملہ کیا متاثرین میں امداد بانٹنے جا رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے سٹی تھانے کی حدود پتھر موڑ کے مقام پر سابق نگران وزیر اعظم
او روفاقی وزیر محمد میاں سومرو کی ہمشیرہ ملیحہ سومرو کے قافلے پر گاڑی پر سوار نامعلوم افراد نے حملہ کرکے گاڑی کے شیشے توڑ دئے اور کوآرڈینیٹر ارسلان میمن کو تشدد کا نشانہ بنایا واقع کے بعد محمد میاں سومرو اپنی ہمشیرہ ملیحہ سومرو کے ہمراہ سٹی تھانے پر واقع کا مقدمہ درج کرانے پہنچ گئے اس موقع پر محمد میاں سومرو کی ہمشیرہ ملیحہ سومرونے بتایا کہ متاثرین کی امداد کے لئے جا رہے تھے کہ راستے میںصوبائی مشیر اعجاز جکھرانی کے چچازاد ولی
جکھرانی نے گاڑی کو ٹکر مار کر روکا گاڑی پر سوار مسلح افراد نے میری گاڑی کو جھانک کر دیکھا میں نہیں ملی تو میرے کوآرڈینیٹر ارسلان میمن کو زبردستی گاڑی سے نکال کر تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کر دیا اور اسلحہ سے گاڑی کے شیشے توڑ دئے ، مجھے مارنا چاہتے تھے لیکن میں نہیں ملی میری جیپ پر حملہ کرکے دہشت گردی کی گئی میں پیچھے سے راشن لیکر آرہی تھی میرے ساتھ لوگوں کو آتا دیکھ کر مسلح افراد فرار ہو گئے ورنہ وہ میرے کوآرڈینیٹر کو گولی مارنے والے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم غریبوں میں راشن اور امداد بانٹ رہے ہیں جو کہ ان کو پسند نہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی مشیراعجاز جکھرانی نے اپنے اس کزن ولی جکھرانی کو لوگوں کو ڈرانے اور شہر میں قبضوں کے لئے رکھا ہوا ہے جو شہر میں دہشت گردی کرتا ہے انہوں نے کہا کہ جیکب آباد شہر میں دن دیہاڑے دہشت گردی کی گئی وہ مجھے مارنے آئے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبائی مشیر کے لوگوں نے تو حکومتی امداد چوری کرلی ہم غریبوں میں امداد دے رہے ہیں جس کی ان کو تکلیف تھی ہم پر امن شہری ہیں قانون کی بالا دستی کا احترام کرتے ہیں۔دوسری جانب صوبائی مشیر جیل خانہ جات اعجا ز جکھرانی اور انکے چچازاد ولی جکھرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں جارہا تھا کہ ایک گاڑی نے دو بار مجھے تیز رفتاری میں کراس کیا ۔
میں نے اتر کر اس سے پوچھا کہ ایسا کیوں کررہے ہو تو اس نے بدتمیزی کی جس پر واقعہ پیش آیا البتہ مجھے علم نہیں تھا کہ یہ گاڑی ملیحہ سومرو کی ہے ملیحہ سومرو ہماری بہنوں کی طرح ہے اور ہمارے ان کے ساتھ گھریلو تعلقات ہیں اس کے علاوہ اور کوئی بات نہیں تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں