پی ٹی آئی نے ن لیگ کی بڑی وکٹ گرادی، 1لاکھ سے زائد ووٹ بینک رکھنے والی سیاسی شخصیت عمران خان کے قافلے میں شامل

چکوال(پی این آئی) تحریک انصاف نے ن لیگ کی بڑی وکٹ گرا دی، 2018 کے عام انتخابات میں 1 لاکھ سے زائد ووٹ لینے والے سابق رکن اسمبلی عمران خان کے قافلے میں شامل ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی سیاست میں مسلم لیگ ن کو ایک اور بڑا دھچکا دینے میں کامیاب ہو گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چکوال سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی سردار فیض ٹمن نے نواز شریف کی جماعت کو خیرباد کہہ دیا ہے۔سردار فیض ٹمن نے تحریک انصاف کے صدر شمالی پنجاب عامر محمود کیانی سے ملاقات کی، اس ملاقات کے دوران سابق رکن قومی اسمبلی نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا، اس موقع پرپی ٹی آئی رہنماوں کی جانب سے انہیں پارٹی سکارف بھی پہنایا گیا۔عامر کیانی اور دیگر رہنماوں سے ملاقات کے موقع پر سردار فیض ٹمن نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور مستقبل میں ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی۔یہاں واضح رہے کہ سردار فیض ٹمن چکوال کے ایک معروف سیاستدان ہیں، انہوں نے 2018 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقے کے الیکشن میں 1 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے۔ تاہم اب انہوں نے اپنی پرانی جماعت مسلم لیگ ن سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہاں واضح رہے کہ مسلم لیگ ن اور اس کے اتحادیوں کے اقتدار میں آنے کے بعد پنجاب میں مسلم لیگ ن کی پوزیشن خاصی کمزور ہوئی ہے۔ 17 جولائی کو پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں اور پھر اکتوبر میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کو تحریک انصاف کے ہاتھوں بدترین شکست ہوئی، جس کے بعد سے سیاسی تجزیہ کار پنجاب کی سیاست میں مسلم لیگ ن کے مستقبل کے حوالے سے سوالات اٹھا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close