نواز شریف کا شہباز شریف سے رابطہ عمران خان سے متعلق اہم ہدایات دیدیں

اسلام آباد (پی این آئی)مسلم لیگ( ن) کے قائد میاں نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا ہے، عمران خان کے خلاف فوری قانونی کاروائی کی ہدایت کر دی جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی فوری کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ دونوں رہنمائوں نے عمران خان کے پاک فوج کے خلاف ہتک آمیز بیانات پر تبادلہ خیال کیا ۔نواز شریف نے شہباز شریف کو عمران خان کے خلاف فوری قانونی کاروائی کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ

عمران خان فوج اور عوام کو آمنے سامنے لا کر خونی انقلاب کی باتیں کر رہا ہے، قومی ریاستی دفاعی اداروں کے خلاف یہ شخص نفرت پھیلا رہا ہے، آئی ایس پی آر کے بیان کی بنیاد پر حکومت تمام قانونی تقاضے پورے کرے، یہ شخص فوج اور عوام کو آمنے سامنے لا کر خونی انقلاب کی باتیں کر رہا ہے، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان سکیورٹی رسک بن گیا اسکے خلاف کارروائی کررہے ہیں۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے

وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج جاری رہیگا۔ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر آباد واقعے کی ایف آئی آر کے راستے میں رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے، مدعی کی مرضی کے مطابق ایف آئی آر درج نہ ہوئی تو قانونی آپشنز موجود ہیں۔یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے حملے کے بعد شوکت خانم ہسپتال سے گفتگو میں کہا کہ ٹھیک ہوتے ہی کال دوں گا، پھر سڑکوں پر نکلوں گا اور 3 افراد کے مستعفی ہونے تک احتجاج جاری رکھا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں