وزیر اعلی پنجاب کی عمران خان پر حملے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کی ہدایت

لاہور(پی این آئی)وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے آئی جی پنجاب کو عمران خان کے لانگ مارچ پر حملے کی تحقیقات کیلئے اعلی سطح کی جے آئی ٹی بنانے کی ہدایت کردی۔وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے شوکت خانم اسپتال سے اپنے ویڈیو پیغام میں آئی جی پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر وزیر آباد میں فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی جائے، اس ٹیم میں سی ٹی ڈی کو بھی شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بالکل ٹھیک ہیں، عمران خان نے کہا ہے کہ میں بالکل ٹھیک ہوں، ان کا کہنا ہے کہ میں اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ لگتا ہے حملہ کرنیوالے ایک نہیں 2 بندے تھے، جاننا چاہتے ہیں واقعہ کے پیچھے کون ہیں؟، کن لوگوں نے ملزم کو ٹرینڈ کیا، وہ کیا سوچ ہے جس کے تحت اس لڑکے کو تیار کیا گیا، تفتیش آگے بڑھے گی تو میڈیا کے سامنے لائیں گے۔چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ میڈیا کو بیان لیک کرنیوالے پولیس عملے کو معطل کرکے موبائل ضبط کرلئے گئے ہیں، فارنزک رپورٹ سے جاننا چاہتے ہیں کہ پولیس والوں کا کس سے رابطہ تھا، ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں