عمران خان پر قاتلانہ حملے کی کوشش کے بعد وزیراعظم اور وزیر داخلہ سمیت تین شخصیات کیخلاف مقدمہ درج کروانے کا اعلان

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کی کوشش کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سمیت 3 دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا اعلان کر دیا۔پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے سیکریٹری جنرل اسد عمر اور میاں اسلم اقبال کا ویڈیو بیان جاری کیا گیا۔ میاں اسلم اقبال نے بتایا کہ شہباز شریف، رانا ثنا اللہ سمیت 3 افراد پر ایف آئی آر درج کروانے جا رہے ہیں۔

متعلقہ آئی جی کو مقدمہ درج کرانے کے لیے بیان دے رہے ہیں۔سیکریٹری جنرل اسد عمر نے بتایا کہ عمران خان نے مجھے کہا ہے کہ میری جانب سے بیان جاری کریں، عمران خان نے میرے پاس پہلے سے کچھ اطلاعات آ رہی تھیں، 3 لوگوں پر یقین ہے کہ انہوں نے یہ سب کرایا ہے، ان میں شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ بھی شامل ہیں۔اسد عمر نے بتایا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ اطلاعات تھیں اسی لیے کہہ رہا ہوں 3 لوگوں نے حملہ کرایا، مطالبہ ہے تینوں لوگوں کو اپنے عہدوں سے ہٹایا جائے، شہباز شریف سمیت 3 افراد کو عہدوں سے نہیں ہٹایا گیا تو پھر ملک گیر احتجاج ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ پاکستان ان ہی حالات کے ساتھ چلتا رہے، عمران خان نے یہ پیغام پوری قوم کے لیے دیا ہے، عمران خان نے جب بھی کال دی تو ملک بھر میں احتجاج شروع ہو جائے گا، عمران خان کے مطالبے پر عمل نہ کیا گیا تو احتجاج کی کال دی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close