وزیر اعلیٰ پنجاب نے جاں بحق ہونیوالی خاتون صحافی صدف نعیم کی بیٹی کیلئے اہم اعلان کر دیا

لاہور(پی این آئی) وزیراعلی پنجاب نے عمران خان کے کنٹینر تلے آکر جاں بحق ہونے والی خاتون رپورٹر کی بیٹی کو سرکاری ملازمت اور شوہر کو سرکاری محکمے میں فوٹوگرافر کی نوکری دینے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکر زندگی کی بازی ہارنے والی خاتون رپورٹر صدف نعیم کے اہل خانہ کیساتھ افسوسناک واقعہ پر دلی ہمدردی اور تعزیت کیاور بیٹے و بیٹی کو دلاسہ دیا اور شفقت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ شعبہ صحافت میں مرحومہ کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا کیوں کہ صدف نعیم مرحومہ انتہائی محنتی اور پروفیشنل صحافی تھیں۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ مرحومہ کی ناگہانی وفات پر شدید رنج وغم ہوا اور غم کی اس گھڑی میں اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔چودھری پرویز الہی سے صدف نعیم کی بیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کی والدہ محترمہ کو واپس تو نہیں لا سکتے لیکن آپ کی ہر طرح سے دیکھ بھال جاری رکھیں گے۔وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے بیٹی نمرہ نعیم کو سرکاری ملازمت اور صدف نعیم مرحومہ کے شوہر کو سرکاری محکمے میں فوٹو گرافر کی ملازمت دینے کا اعلان کیا۔اس موقع پر وزیراعلی پرویز الہی کی خاتون صحافی صدف نعیم مرحومہ کی بیٹی نمرہ، بیٹے اذان، چچا نوید بھٹی اور قریبی سہیلی مروہ انصر سے ملاقات اور بیٹی کو 50 لاکھ روپے مالی امداد کا چیک دیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز سادھوکی کے قریب صدف نعیم کنٹینر پر چڑھ کر سابق وزیراعظم عمران خان کا انٹرویو لینے کی کوشش کررہی تھی، اس دوران مبینہ طور پر دھکا دیا گیا، جس کے باعث زمین پر گری اور کنٹینر تلے کچل گئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close