اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی ہائیکورٹ پہنچ گئی

اسلام آباد(پی این آئی) تحریک انصاف نے دارالحکومت میں جلسے کی اجازت نہ ملنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ درخواست پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر علی نواز اعوان کی طرف سے دائر کی گئی ہے جس میں وزارت داخلہ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملکی معیشت خراب حالات اور بدانتظامی کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کا فیصلہ کیا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی سری نگر ہائے وے پر جلسہ کر سکتی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ حقیقی آزادی لانگ مارچ کے کیلئے درخواست گزار نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے رجوع کیا، 26 اکتوبر کو خط لکھا گیا لیکن تاحال این او سی نہیں ملا، ڈپٹی کمشنر بلاوجہ معاملے کو طول دے رہے ہیں، احتجاج اور آزادی اظہار رائے آئینی حق ہے، ڈپٹی کمشنر کو این او سی کے اجرا کیلئے ہدایات جاری کی جائیں۔درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو ہراساں نہ کیا جائے، آئی جی اسلام آباد کو خصوصی سیکیورٹی کیلئے ہدایات جاری کی جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں