پشاور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ فوجی آدمی کسی کا امیدوار نہیں ہوسکتا جو ایسا سوچتا بے وقوف ہی ہوگا، ہمیں کسی پر اعتراض نہیں جو بھی نامزد ہوتا ہے ہوجائے، ہم کلیئر میسج دے چکے ہیں اب بس ایک پروپیگنڈا چل رہا ہے۔
میڈیا کے نمائندوں نے آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں اسد قیصر اور پرویز خٹک سے سوالات کیے تو سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ فوجی آدمی کسی کا امیدوار نہیں ہوسکتا، کوئی بے وقوف شخص ہی ہوگا جو ایک جرنیل کو کہے گا کہ وہ میرا امیدوار ہے۔فوج کا اپنا ادارہ ہے اس میں کوئی مداخلت نہیں کرسکتا، ہمیں کسی پر اعتراض نہیں جو بھی نامزد ہوتا ہے ہوجائے، یہ ایک سسٹم ہے وہاں سے ریکمنڈ ہوتا ہے۔پرویز خٹک نے کہا کہ جو بھی جرنیل ہو وہ پاکستان کا بہترین جنرل ہے،وہ بہترین ڈلیور کرے گا وہ پاکستان کا دشمن تو نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کلیئر میسج دے چکے ہیں اب بس ایک پروپیگنڈا چل رہا ہے، آئین اور قانون میں تاحیات توسیع کے اختیارات نہیں ہیں، آئین میں صرف عمر کا ذکر ہے جس کے تحت 64، 65 سال کی عمر تک توسیع ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کیسے کہہ دیا کہ کبھی پوچھوں گا، ہم سیاسی پڑھے لکھے لوگ ہیں اللہ نے عقل دی ہے کیسے کوئی تاحیات کا کہہ سکتا ہے؟غلط فہمی ہوگی الفاظ کے چناؤ میں غلط فہمی ہوئی ہوگی۔پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارا احتجاج آج سے تو نہیں جس دن سے عمران خان کو اتارا گیا ہے اس دن سے ہے، پہلے دن سے ہمارا مطالبہ ہے کہ عام انتخابات کرائے جائیں، جو حکومت بنی ہے وہ ڈلیور نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق اس وقت کوئی بیک ڈور بات چیت نہیں ہورہی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں