لاہور میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ نے شادیاں رکوا دیں

لاہور(پی این آئی)لاہور میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ نے شادیاں رکوادیں۔راستوں کی بندش کی وجہ سے دولہے بارات لیکر نہ پہنچ سکے جبکہ لانگ مارچ کے روٹ پر شادی ہالز میں تقریبات التوا کا شکار ہوگئیں۔ باراتیوں کو شادی ہالز تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کئی افراد نے اپنی شادی کے پروگرامات ہی موخر کردیے۔ میڈیا رپوٹس کے مطابق شاہدرہ سے بارات اور ولیمے کی تقاریب کے مہمان لانگ مارچ گزرنے کے منتظر رہے تاکہ وہ شادی ہالز کیلئے روانہ ہوسکیں۔

لاہور کے عوام نے لانگ مارچ کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور کہا سیاسی جماعتیں اپنے احتجاج کیلئے شہریوں کو پریشان کرنے سے پرہیز کریں۔پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی قیادت میں جمعہ کولاہور کے لبرٹی چوک سے اپنے لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا اور رات میں مارچکے شرکا نے شاہدرہ پر پڑا ڈالا تھا۔ لانگ مارچ اب کامونکی کی جانب گامزن ہے۔پی ٹی آئی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق لانگ مارچ گوجرانوالہ، جہلم اور گجرات سمیت مختلف شہروں سے ہوتا ہوا 4 نومبر کو راولپنڈی جب کہ 5 نومبر کو اسلام آباد پہنچے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close