لاہور(پی این آئی) لاہور کی مقامی عدالت نے ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے ٹی وی اینکر چوہدری غلام حسین کی ضمانت منظور کرلی جس کے بعد انہیں کیمپ جیل سے رہا کردیا گیا۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تنویر حسین نے چوہدری غلام حسین کے وکیل کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر سماعت کی۔معزز جج نے چوہدری غلام حسین کی ضمانت بعدازگرفتاری منظور کرتے ہوئے دو لاکھ روپے مچلکے جمع کروانے کا حکم بھی دیا
جبکہ وکیل کو ہدایت کی گئی کہ اینکر تفتیش کے دوران ایف آئی اے سے مکمل تعاون کریں۔واضح رہے کہ ایف آئی اے نے دو روز قبل نجی ٹی وی کے اینکر چوہدری غلام حسین کو گلبرگ میں قائم کافی شاپ سے 8 بج کر چالیس منٹ پر گرفتار کیا تھا۔ بیٹے نے بتایا تھا کہ والد کو حراست میں لینے کے لیے 35 سے چالیس افراد آئے جنہوں نے اپنا تعلق ایف آئی اے سے بتایا۔دوسری جانب ایف آئی اے نے چوہدری غلام حسین کی گرفتار کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ
انہیں بینکنگ سرکل میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ چوہدری غلام حسین مقدمہ نمبر 94/2011 میں کمرشل بینکنگ سرکل لاہور کو مطلوب تھے، انہوں نے سال 2003 میں جعلی دستاویزات پر بینک سے 5 کروڑ 70 لاکھ روپے قرض لیا۔ایف آئی اے کے مطابق مقدمے میں چوہدری غلام حسین کے دو بیٹے بھی اشتہاری ہیں جبکہ عدالت نے ملزم چوہدری غلام حسین کے اس مقدمہ میں بینکنگ کورٹ لاہور نے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہوئے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں