اسلام آباد (پی این آئی)کینیا میں قتل ہونے والے صحافی اور سینئر ٹی وی اینکر پرسن ارشد شریف کی لاش سے پاکستان میں پوسٹ مارٹم کے دوران گولی کی برآمدگی نے حکام کو حیرت میں مبتلا کردیا اور نیروبی میں ہونے والے پوسٹ مارٹم کو مشکوک بنادیا۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کے دوران میڈیکل بورڈ کے ارکان کو
ایک دھات کا ٹکڑا ملا جسے بعد میں گولی قرار دیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ حکام نے ارشد شریف کے سینے سے برآمد ہونے والے دھاتی ٹکڑے کی فورنزک جانچ کرانے کا فیصلہ کیا ہے، انہیں امید ہے کہ اس سے یقینی طور پر اس واقعے میں استعمال ہونے والے ہتھیار کی نوعیت کا تعین کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق 26 اکتوبر کو ارشد شریف کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے والے
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے 8 رکنی میڈیکل بورڈ نے مزید تحقیقات کے لیے یہ ٹکڑا پولیس کے حوالے کر دیا تھا، اس گولی کا برآمد ہونا تنازعات میں گھرے پْراسرار قتل کی تحقیقات میں پیش رفت کے لیے اہم کڑی سمجھا جارہا ہے۔تحقیقات سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ یہ دھات کا ٹکڑا درحقیقت ایک گولی ہے، یہ بات حیران کن ہے کہ نیروبی میں ارشد شریف کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے والوں نے اسے جسم کے اندر ہی چھوڑ دیا تھا۔ذرائع کے مطابق ایس او پیز کے تحت پوسٹ مارٹم کے بعد کبھی بھی گولیاں جسم کے اندر نہیں چھوڑی جاتیں اور اس کی برآمدگی نے نیروبی میں حکام کی جانب سے کیے گئے پوسٹ مارٹم کو مشکوک بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب گولی کو جسم سے نکال کر فارنزک جانچ کے لیے تفتیش کاروں کے حوالے کر دیا گیا ہے، اس جانچ سے قتل میں استعمال ہونے والے ہتھیار کی نوعیت کا تعین کرنے میں مدد ملے گی جوکہ قاتلوں کی شناخت میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہتھیار کینیا میں ہے اور گولی پاکستان میں ہے، جب تک انہیں ایک جگہ پر نہ لایا جائے اس وقت تک گولی کو ہتھیار سے ملانا ایک مشکل کام ہو گا۔
تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم سے معلوم ہوا کہ ارشد شریف کو سینے اور سر پر گولیاں لگی ہیں اور سینے پر زخم کے نشان سے ظاہر ہوتا ہے کہ گولیاں عقب سے اور نزدیک سے چلائی گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ جسم کے اگلے حصے میں گولی کا زخم ہے جہاں سے ممکنہ طور پر پیچھے سے فائر کی گئی گولی باہر نکلی تھی، کمر پر گولی کے زخم کے گرد ہلکا سا سیاہ نشان پایا گیا ہے جو صرف اس صورت میں ہو سکتا ہے جب گولی 4 فٹ یا اس سے کم فاصلے سے چلائی گئی ہو۔
ذرائع کے مطابق ارشد شریف کی کھوپڑی کے اوپری حصے پر گولی کے نشانات بھی پائے گئے اور کھوپڑی کا اہم حصہ ٹوٹا ہوا پایا گیا۔ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والی گولی اسلام آباد کی فورنزک سائنس لیبارٹری یا لاہور میں پنجاب فورنزک سائنس ایجنسی بھیجی جائے گی۔یاد رہے کہ دل، پھیپھڑے، جگر، تلی اور معدے سمیت جسم کے مختلف حصوں سے لیے گئے نمونے پہلے ہی لاہور کی فرانزک سائنس ایجنسی کو پیتھالوجی اور ٹاکسیکولوجی ٹیسٹ کے لیے بھیجے جا چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں