لاہور (پی این آئی) دعا بھٹو کی جانب سے خلع کے دعوے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا بیان بھی آ گیا ہے ۔ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے اہلیہ دعا بھٹو کی جانب سے خلع کا دعویٰ دائر کرنے پر کہنا ہے کہ “میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ایسا ہو گا، دعا پر یا تو کوئی دباؤ ہو گا یا سازش کے تحت یہ کرایا گیا ہو گا، میں جب جیل میں تھا تب میرا دعا سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا”۔
حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ نکاح اور طلاق دونوں جائز کام ہیں لیکن سن کر افسوس ہوا، یہ رشتے توڑنے کے لیے نہیں ہوتے، میں اس وقت آزادی مارچ کے سلسلے میں لاہور میں ہوں ، ان کا کہنا تھا سندھ حکومت نے پہلے مجھ پر حملے کرائے، کیسز بنوائے، جیل میں رکھا گیا، میں ان تمام باتوں سے نہ رکا اور نہ ٹوٹا، فیصلہ اللہ اور عدالتوں نے کرنا ہے، میں نے ایسا کوئی کام نہیں کیا، ہر شخص ظلم، دباؤ اور خوف برداشت نہیں کر سکتا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں