مجھے تو فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کی سمجھ ہی نہیں آئی، فواد چوہدری کا ردِ عمل

اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتےہوئے کہا کہ فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس تھی کیا مجھے تو سمجھ ہی نہیں آئی ، ابھی کال کر کے فیصل سے سمجھنے کی کوشش کرتا ہوں ۔نجی ٹی وی ” اے آر وائی” کے پروگرام میں میزبان وسیم بادامی سےگفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ آج پہلے مسلم لیگ (ن) کے میڈیا سیل سے کچھ ٹویٹ آئے ، اس کے بعد فیصل واوڈا کا ٹویٹ آگیا اور حیرت کی بات ہے کہ فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس میں پی ٹی وی کا کیمرہ بھی آگیا ،

پی ٹی وی نے تو وزیر اعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کی تقریب کو کوریج نہیں دی آج فیصل واوڈا کو دے دی۔ایک سوال کے جواب میں فواد چودھری نے کہا کہ لانگ مارچ میں لاشوں کی بات کی تو سمجھ آتی ہے کہ وہ انہوں نے کسی سازش سے متعلق بات کی ہے ، باقی پرسوں فیصل واوڈا کے ساتھ ہی کنٹینر پر ہوں گا تو قصہ کہانی پوچھیں گے ، فی الحال تو میں خود کنفیوژ ہوں ، مجھے ساری پریس کانفرنس بے ربط لگی ، کوئی کانٹینٹ ، مواد نہیں تھا ۔پروگرام کے میزبان وسیم بادامی نےپوچھا کہ آپ کو پریس کانفرنس کی سمجھ نہیں آئی یا آپ شاک ہیں کہ فیصل کیا کہہ گئے ہیں جس پر فواد چودھری نے کہا کہ اگر آپ کو سمجھ آئی ہے تو براہ مہربانی ہمیں بھی سمجھا دیں ، فی الحال ایسا لگ رہا ہے کہ فیصل تیاری کسی اور چیز کی کر کے آئے تھے مگر شائد آخری وقت پر انہوں نے ارادہ بدل دیا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close