ارشد شریف کے قتل میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار نہیں، پی ٹی آئی رہنما کا دعویٰ

اسلام آباد (پی این آئی)ارشد شریف کے قتل میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار نہیں، پی ٹی آئی رہنما کا دعویٰ۔۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کو اسٹیبلشمنٹ نے قتل نہیں کرایا۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ اداروں پر بے بنیاد الزامات لگائے جارہے ہیں، اسٹیبلشمنٹ کا ارشد شریف سے مثبت رابطہ تھا، موجودہ اسٹیبلشمنٹ کی بہت بڑی بیوقوف ہوگی جو یہ کرتی،ارشد شریف کو اسٹیبلشمنٹ نے قتل نہیں کرایا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ آخری وقت تک ارشد شریف سے رابطے میں تھے اور اپنے موبائل فون کا فرانزک کروانے کیلئے تیار ہیں، وہ آخری وقت تک دوستی نبھانا جانتے ہیں، ان کے پاس اس حوالے سے جو شواہد ہیں وہ آئی ایس آئی اور ایم آئی کو دے سکتے ہیں، انہیں آئی ایس آئی اور ایم آئی کے علاوہ کسی پر اعتبار نہیں ہے۔فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سازش کے پلیئرز پاکستان میں موجود ہیں، پی ٹی آئی کے اندر کچھ لوگ ہیں جو اس سازشی بیانیے کو مانتے ہیں، جس سازشی بیانیے کا ارشد شریف شکار ہوئے، اس ملک میں لاشوں اور خون کا کھیل بند ہونا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close