اسلام آباد (پی این آئی) اقوام متحدہ نے پاکستانی صحافی ارشد شریف کی موت کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کر دیا،اقوام متحدہ نے کینیا سے ارشد شریف کی پراسرار موت کی تحقیقات پر زور دیتے ہوئے تحقیقاتی رپورٹ منظرعام پر لانے کا مطالبہ کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اسٹیفن ڈوجارک نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ارشد شریف کی موت کی المناک رپورٹ دیکھی ہے۔میرے خیال میں وجوہات کی مکمل چھان بین کی ضرورت ہے اور کینیا کے حکام نے کہا ہے کہ وہ ایسا کریں گے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات مکمل کرکے تحقیقاتی رپورٹ جلد منظر عام پر لائی جائے۔ جبکہ امریکا نے بھی سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کینیا کی حکومت سے واقعہ کی مکمل تحقیقات پر زور دیا۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ یہ مکمل طور پر واضح نہیں ہے کن حالات میں ارشد شریف کی موت واقع ہوئی لیکن ہم اس کی مکمل تحقیقات پر زور دیتے ہیں۔ یاد رہے کہ کینیا میں قتل کر دیے جانے والے ملک کے ممتاز سینئر صحافی ارشد شریف کی میت رات پاکستان پہنچی۔ارشد شریف کا جسد خاکی نجی ائیرلائن کے طیارے کے ذریعے اسلام آباد ائیرپورٹ پر پہنچایا گیا۔ارشد شریف کی میت لینےکیلئے سینئر صحافی کے اہل خانہ، تحریک انصاف کے کئی رہنما اور صحافی ائیرپورٹ پہنچے ۔جبکہ ارشد شریف کے اہل خانہ نے دوبارہ پوسٹ مارٹم کرانے کا مطالبہ کیا ہے تاہم پمز اسپتال نے سینئر صحافی ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم کرنے سے انکار کر دیا۔
پمز حکام کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کے لیے پمز اسپتال کا سرد خانہ فعال نہیں اور سرد خانے میں مرمت کا کام جاری ہے۔پمز حکام کے مطابق ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم اب ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی یا قائداعظم اسپتال میں کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں