اسلام آباد (پی این آئی) فاروق ستار نے ایم کیو ایم میں واپسی کا عندیہ دے دیا۔فاروق ستار کا کہنا ہے کہ عام انتخابات سے پہلے پیپلز پارٹی اتحاد سے الگ ہونا ہوگا۔اگلے انتخابات میں جانے سے پہلے پیپلز پارٹی سے ہونے والے اتحاد کےحوالے سے اہم فیصلے کرنے ہوں گے۔۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ تنظیم بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے خود کو ایم کیو ایم سے کبھی الگ نہیں سمجھا۔اس وقت ایم کیو ایم کے ٹائی ٹینک کو بچانے کی ضرورت ہے، اب وہ موقع آ گیا ہے اور کارکنوں تک پیغام چلا گیا ہے کہ اب رابطہ کمیٹی کے پاس کوئی جواز نہیں بچتا کہ مجھے اور ایم کیو ایم کو ایک دوسرے سے دور رکھا جائے۔فاروق ستار نے کہا ایم کیو ایم میں واپسی کے لیے میری نہ کوئی شرط ہے اور نہ ہی کنوینئر شپ کا جھگڑا، میں خالد مقبول کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں، جیسے این اے 245 کے الیکشن کے موقع پر تین بار بیٹھے، یہ وہ وقت ہے کہ جب مجھے اور خالد مقبول کو مل کر ایک مضبوط بیانیہ بنانا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ انٹر پارٹی الیکشن، نئے چہروں کو آگے لانا اور اپنی غلطیوں پر قوم سے معافی مانگنا ہو گی۔فاروق ستار نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ اس حوالے سے بزرگ کیا کہہ رہے ہیں۔
فیصلہ خالد مقبول اور رابطہ کمیٹی کو کرنا ہے کہ کیا وہ میرے بیانئے سے متفق ہیں۔فاروق ستار نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو چھوڑ کر ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی اور آصف علی زرداری سے معاہدہ کیا جسے لوگوں نے پسند نہیں کیا اور اس معاہدے سے ووٹ بینک متاثر ہوا۔وزارتیں ، اقتدار میں آنا اور گورنر شپ یہ ہمارے اہداف نہیں ہونا چایئیے۔اگلے انتخابات میں جانے سے پہلے پیپلز پارٹی سے ہونے والے اتحاد کےحوالے سے اہم فیصلے کرنے ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں