اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری اسلام آباد پہنچ گئی، نفری میں سندھ پولیس کے 6 ہزار، ایف سی کی 90 پلاٹون اور2667 اہلکار اپنی گاڑیوں پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ پی ٹی آئی ممکنہ لانگ مارچ میں غیرقانونی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
نفری میں سندھ پولیس کے6000 ، ایف سی کی 90 پلاٹون اور2667 اہلکار اپنی گاڑیوں پر اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ایف سی اہلکار فیصل مسجد کے صحن میں ایف سی کانسٹیبلری میں جبکہ کچھ نفری حاجی کیمپ میں ٹھہری ہوئی ہے۔ یاد رہے 22 اکتوبر کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات جمعے کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کروں گا کہ کس دن ہم نے لانگ مارچ کیلئے نکلنا ہے، مجھے پورا یقین ہے کہ یہ الیکشن نہیں کروائیں گے، پاکستان کو دلدل سے نکالنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ الیکشن کرائے جائیں۔انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ پرامن ہوگا، میری 26سال کی سیاست میں سب کچھ میں نے آئین قانون کے دائرے میں بیٹھ کرکیا ہے، ہماری لانگ مارچ میں کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں ہوگا، لوگ انجوائے کریں گے،کیونکہ یہ ایک احتجاج ہوگا، اس میں فیملیز آئیں گی، یہ احتجاج ہوگا اس میں ہرشعبے سے لوگ شرکت کریں گے، جمعرات یا جمعے کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کروں گا ، اس کے بعد لانگ مارچ سے متعلق تفصیلات سامنے آتی رہیں گی۔
اس سے قبل انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ان لوگوں نے سوچا کہ جب حکومت گرائی جاتی ہے تو لوگ مٹھائیاں بانٹیں گے، لیکن لوگ ان کے ساتھ نہیں نکلے بلکہ پی ٹی آئی کیلئے سڑکوں پر نکل آئے، ہم نے 25مئی کو احتجاج کیا تو انہوں نے ظلم کیا، لوگوں کے گھروں میں گھس کر مارا، پولیس سے پوچھا گیا تو وہ کہتی پیچھے سے آرڈر آئے تھے۔ اسلام آباد اور لاہور میں شیلنگ کی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں