اسلام آباد (پی این آئی) ارشد شریف کا مبینہ قتل، قومی اسمبلی میں متفقہ مذمتی قراردار منظور کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف کے مبینہ قتل کے خلاف پیر کے روز ہوئے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران مذمتی قرارداد پیش کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان ارشد شریف کے اہل خانہ سےتعزیت کا اظہار کرتا ہے اور قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔قراردار کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
واضح رہے کہ سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف اتوار کی رات کینیا کے علا قے نیروبی مگادی ہائی وے پر گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔نیشنل پولیس سروس کینیا نے صحافی ارشد شریف کی موت کی تصدیق کر دی ہے،کینیا نے پاکستان کو ارشد شریف کے قتل کی وجوہات سے آگاہ کر دیا۔سفارتی ذرائع کے مطابق کینین پولیس حکام نے پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقات کی اور پاکستانی صحافی کی پولیس فائرنگ سے ہلاکت کی غیر رسمی تصدیق کر دی۔سفارتی ذرائع کے مطابق ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم آج ہی کیے جانے کا امکان ہے۔تمام تر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد میت پاکستان منتقل کی جائے گی۔ارشد شریف کا جسد خاکی کل یا پرسوں پاکستان بھیجنے کی تیاریاں کی جائیں گی۔کینیا پولیس کی رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کی گاڑی ان کا رشتےدار چلا رہا تھا۔ مگادی ہائی وے پر پولیس نے چھوٹے پتھر رکھ کر روڈ بلاک کیا تھا۔کینیا پولیس کی رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کی کار روڈ بلاک ہونے کے باوجود نہیں رکی، پولیس آفیسرز نے کار نہ رکنے پر فائرنگ کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کار پر 9 گولیاں فائر کی گئیں جن میں سے ایک ارشد شریف کے سر میں لگی۔
جبکہ کینیا کی انڈپینڈنٹ پولیس اور سائٹ اتھارٹی کی چئیرپرسن این ماکوری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گذشتہ شام کجیاڈو کاؤنٹی میں پاکستانی کو مبینہ طور پر پولیس نے قتل کر دیا۔ریپڈ رسپونس ٹیم جائے حادثہ پر بھیج دی گئی۔پاکستانی شہری کا نام ارشد محمد شریف ہے جن کی عمر 50 سال تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ارشد شرریف کے قتل کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔صحافی کے قتل سے متعلق اتھارٹی کی تحقیقات شفاف ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ نیشنل پولیس سروس ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کر رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں