اسلام آباد (پی این آئی) ضمنی انتخاب ، الیکشن کمیشن نے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روک لیا۔ 3 صوبائی ، 2 قومی اسمبلی کے حلقوں پر کامیاب امیدواروں کے نوٹیفیکشین جاری کر دئیے گئے۔افتخار بانگو،محمد فیصل خان نیازی،ملک مظفر خان کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری کر دئیے گئے۔علی موسیٰ گیلانی اور عبدالحکیم بلوچ کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کی 6 حلقوں سے کامیابی کا نوٹیفیکشین جاری نہیں کیا۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے تاحال انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔۔یہاں واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 63 پی کے تحت نااہل قراردیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان کی نااہلی 5 رکنی کمیشن کا متفقہ فیصلہ ہے۔الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے غلط گوشوارے جمع کروائے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان رکن قومی اسمبلی نہیں رہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کی قومی اسمبلی کی سیٹ خالی قرار دیا گیا،الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔الیکشن کمیشن نے 19 ستمبر کو دلائل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عمران خان متعدد بار جلسوں اور پارٹی تقاریب میں خطاب کرتے ہوئے یہ بات دہرا چکے ہیں کہ پی ڈی ایم اور موجودہ حکومت انہیں توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کے ذریعے تاحیات نااہل کروانا چاہتی ہے۔
عمران خان متعدد بار یہ بھی مطالبہ کرچکے ہیں کہ آصف زرداری اور نوازشریف کے خلاف بھی توشہ خانہ کیس ساتھ سنا جائے اور اس کا فیصلہ بھی ساتھ ہی جاری کیا جائے۔ عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے توشہ خانہ سے قیمتی تحائف سستے داموں حاصل کر کے انہیں الیکشن کمیشن سے چھپایا، جس کی بنیاد پر اسپیکر نے ان سمیت پانچ اراکین کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا تھا۔الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف دائر توشہ خانہ ریفرنس پر فیصلہ 19ستمبر کو محفوظ کیا تھا۔سماعت کے دوران مسلم لیگ (ن) کے وکیل خالد اسحق نے مؤقف اپنایا تھا کہ ریفرنس میں سوال عمران خان کی جانب سے تحائف ظاہر نہ کرنے کا تھا اور عمران خان نے جواب میں تحائف کا حصول تسلیم کیا ہے اور یہ بھی تسلیم کیا کہ تحائف گوشواروں میں ظاہر نہیں کیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں