اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے توشہ خان کیس میں نااہلی کے فیصلے پر مبینہ پی ٹی آئی کارکن نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور انکے اہلخانہ کو قتل کی دھمکی د ے ڈالی جبکہ وفاقی حکومت نے چیف الیکشن کمشنر اور ان کی فیملی کو قتل کی دھمکیوں پر پی ٹی آئی کے کارکن کے خلاف کارروائی پر غور شروع کردیا ہے۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور ان کی فیملی کو سوشل میڈیا پر قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکن خرم نے دھمکی آمیز ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر بھی کر دی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت بیرون ملک سے دھمکیاں دینے والوں کے خلاف کارروائی پر غور کررہی ہے، متعلقہ اداروں نے قتل اور سنگین نتائج پر مبنی تمام ریکارڈ اکٹھا کرلیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو تیزی کے ساتھ وائرل ہورہی ہے جس میں پی ٹی آئی کے مبینہ کارکن خرم محبوب کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ پی ٹی آئی لیبر ونگ مریدکے کا کارکن ہوں، میں عمرے کی سعادت کے لیے سعودی عرب آیا ہے اور ایک دو دن تک واپس پاکستان آ رہا ہوں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کیلئے میرا پیغام ہے کہ وہ پاکستان کیا دنیا کے کسی بھی کونے میں چلے جائیں انہیں اور فیملی کو ماروں گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں