وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے عوام کو بڑی خوشخبری سنا دی

لاہور (پی این آئی) وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی پنجاب کے عوام کومعیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے متحرک، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے 55 گاڑیوں و موٹرسائیکلوں پر مشتمل موبائل فوڈ لیبز و چیکنگ سکواڈ کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ آفس میں موبائل فوڈ لیبز اینڈ بائیک سکواڈ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعلیٰ نے موبائل فوڈ لیبز و چیکنگ سکواڈ میں شامل گاڑیوں اور بائیکس کا معائنہ کیا اور عملے سے گفتگو کی۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ موبائل فوڈ لیبز کے ذریعے خوراک کے معیار کو بہتر رکھنے میں مدد ملے گی۔موبائل فوڈ لیب کے ذریعے دودھ، مصالحہ جات، کاربونیٹڈ ڈرنکس،پانی، آئل اور دیگر اشیاء کے معیار کی فوری جانچ سے موقع پر ہی نتائج اور کارروائی ممکن ہو گی۔ موبائل فوڈ لیب کے ذریعے خوراک میں ملاوٹ کے رجحان کا خاتمہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں موبائل فوڈ لیبز کا آغاز خوش آئند ہے۔ ناقص خوراک 200سے زائد موذی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے۔

ناقص اور آلودہ خوراک کے استعمال سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے بارے میں شعور و آگاہی ضروری امر بن چکی ہے۔ حفظان صحت کے قوانین کی خلاف ورزی اور معیار کو جانچنے کیلئے جدید مشینری ہونا بے حد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، فیصل آباد اور ملتان میں موبائل فوڈ لیب پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے اور اس پراجیکٹ کو مرحلہ وار پنجاب بھر میں پھیلایا جائے گا۔موٹربائیک سکواڈ کے ذریعے گلی محلوں میں اشیاء خوردونوش کی چیکنگ ممکن ہوگی۔

وزیراعلیٰ کو موبائل فوڈ لیبز اینڈ بائیک سکواڈکے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر خوراک حسنین بہادر دریشک، صوبائی مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ، صوبائی مشیریوسف بادوزئی، اراکین اسمبلی گلریز افضل چن، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر، چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی علی رضا خاکوانی، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close