کراچی (پی این آئی) ملک بھر میں ایندھن کی سپلائی بند کرنے کا اعلان،آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے مطابق ٹول ٹیکس میں اضافے اور لوٹ مار کے خلاف ملک بھر میں ایندھن کی سپلائی روک دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں بذریعہ ٹینکرز ایندھن کی سپلائی روک دینے کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے ہفتے کے روز ہوئے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ چیئرمین آل پاکستان آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن میر شمس شاہوانی کی صدارت ہونے والے ہنگامی اجلاس میں ٹرانسپورٹ برداری کو مختلف طریقوں سے تنگ کرنے والے عناصر کے خلاف بطور ہڑتال اورتمام ترسپلائی روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔شمس شاہوانی کے مطابق کسٹمز ایکسائز سمیت دیگر اداروں کی جانب سے ٹول ٹیکس میں دگنا اضافہ ٹرانسپورٹرز کے معاشی قتل کے مترادف ہے، ملکی شاہراوں پرقانون نام کی چیز ناپید ہو چکی ہے، ٹرانسپورٹرزکے ساتھ لوٹ مار عام ہو چکی ہے، جس کی جانب توجہ مبذول کرنے کے باوجود کسی بھی ادارے کے کانوں پرجوں تک نہیں رینگی، ان کا کہنا ہے کہ غلط فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے۔
واضح رہے کہ کچھ ماہ قبل بھی آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا تھا، تاہم حکومت کی جانب سے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائے جانے کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں