اسلام آباد(پی این آئی) گزشتہ روز الیکشن کمیشن کے باہر حملے کے الزام میں ن لیگ کے رہنما شاہ نواز رانجھا نے تحریک انصاف کے خلاف سیکرٹریٹ پولیس سے رجوع کر لیا۔شاہ نواز رانجھا کی طرف سے اس حملے کے الزام میں تحریک انصاف کی قیادت اور ورکرز کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں درخواست دی گئی ہے۔
ن لیگی رہنماءنے اپنی درخواست میں لکھا ہے کہ ”میں رکن قومی اسمبلی اور توشہ خانہ کیس میں مدعی ہوں۔ اس کیس میں فیصلہ عمران خان کے خلاف آیا، جس کے بعد میں الیکشن کمیشن سے باہر نکلا تو تحریک انصاف کے اراکین نے میری گاڑی پر حملہ کر دیا اور مجھے باہر نکالنے کی کوشش میں گاڑی کے شیشے توڑ ڈالے۔ مجھ پر یہ قاتلانہ حملہ عمران خان کے ایماءپر کیا گیا۔ “واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ روز توشہ خانہ کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو کرپٹ پریکٹس کا مرتکب قرار دیتے ہوئے نااہل کر دیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 4رکنی بنچ نے اس کیس کی سماعت کی اور متفقہ فیصلہ سنایا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں