توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کےمزید انکشافات

لاہور (پی این آئی)وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ عمران خان نے بیرون ملک سے ملنے والے تحفےبیچ کر پیسے اپنی جیب میں ڈالے لیے، ایک تحفہ دبئی میں بیچا گھڑی کی قیمت 14 سے 15 کروڑ روپے کی تھی ۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی بات جمہوریت کی کرتےاورسوچ ڈکٹیٹرکی رکھتے ہیں۔

 

 

پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے نکلا ہے جس پر پوری قوم کو مبارک باد دیتا ہوں، وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان گرےلسٹ میں آیاتھاتو کاروباری افراد کو مشکلات تھیں، ہم اس مشکل اور مصیبت سے اب نکل آئے ہیں، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو کامیابی عطاکی ہے، یہ کامیابی پوری قوم کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔گرے لسٹ سے نکلنے پر وزیر اعظم نے کہا کہ یہ میری کامیابی نہیں قوم کی اجتماعی کامیابی ہے، بلاول بھٹو زرداری نے حنا ربانی کھر کے ساتھ مل کر بڑا اہم کردار ادا کیا ہے، سپہ سالار قمر جاوید باجوہ نے خاموشی مگر سمجھداری کے ساتھ کردار ادا کیا۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ قوم گواہ ہے کہ ہم نےفیٹف قانون سازی میں بھرپور ہاتھ بٹایاہے، کہاجاتا تھااین آراو مانگ رہےہیں لیکن ہم نےتحمل اور برداشت سے کام لیا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کل خوش قسمت دن تھا ایک اور بھی فیصلہ آیا،کل توشہ خانہ میں عمران نیازی سرٹیفائیڈ چور اور خائن ثابت ہوا ہے،یہ ہمارے لیے ایک لمحہ فکریہ اور مقام عبرت ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ عمران نیازی بات جمہوریت کی کرتے اور سوچ ڈکٹیٹر کی رکھتے، لانگ مارچ اور دھرنے ہوتے رہے، قوم کو تقسیم کرنےکی سازش ہوتی رہی، عمران نیازی ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھے، عمران نیازی کہتے رہےجسے کام کرنا ہےکرے، کورم پورا ہوتا ہے یا نہیں عمران نیازی کو پرواہ نہیں ہوتی۔

 

وزیر اعظم نے کہا کہ سردی کی آمد آمد ہے اور سیلاب متاثرین کی امدادکرنی ہے،کیا یہ دھرنوں، لانگ مارچ اور احتجاج سےہوگا؟یہ انعام اللہ نے ہماری جھولی میں اس لیے نہیں ڈالا کہ لانگ مارچ اور دھرنے ہوتے رہیں۔عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ شخص چور، ڈاکو اور میں ان کو چھوڑوں گا نہیں کہتا رہا، ان چیف الیکشن کمشنر کا نام عمران خان نے تجویز کیا تھا ،کے بارے میں عمران خان نے کہا تھا کہ یہ بہت ایماندار آدمی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان کے خلاف بدعنوانی کےکیس میں فیصلہ آیا ، عمران نیازی نے تحفے نکال کر ان کو دبئی میں بیچ ڈالا، بھینسیں بیچ کر 23 لاکھ روپے قومی خزانے میں ڈالے اور کروڑوں کے تحائف بیچ کر پیسے اپنی جیب میں ڈالے گئے، اگر آپ یہ پیسہ قومی خزانے میں جمع کراتے تو قوم اور میں سیلوٹ کرتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close