اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستانی سیاست کا غیر ضروری عنصر ہے۔جمعہ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمان کا کہنا تھا عمران خان کو بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ نے پاکستانی سیاست میں فیڈ کیا،
اس کی امانت، دیانت اور صداقت کا یہ عالم ہے کہ کسی ایک بات پر کھڑا نہیں رہ سکتا۔ان کا کہنا تھا اس کی صداقت کا یہ عالم ہے کہ دوسروں کو چور کہتا ہے لیکن اس نے تو پوری دنیا کو لوٹا ہے، امریکا، اسرائیل اور بھارت سے پیسہ لیکر لوٹا ہے، کیا اس کے لیے کوئی قانون نہیں ہے؟ آج وہ جکڑا گیا ہے اسی کو آگے لیکر جائیں گے اور پاکستان اس قسم کے عناصر سے نجات پائے گا۔فضل الرحمان کا کہنا تھا جو لوگ ایسے آدمی کی پشست پناہی میں ملک کے اندر تخریب کاری کی طرف جانا چاہتے ہیں تو انہیں بتا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں تخریب کاری نہیں چلے گی اور عوام ایسے لوگوں کو کچل کر رکھ دیں گے۔ان کا کہنا تھا عام آدمی کے لیے اس طرح مشکلات نہ پیدا کی جائیں، جلوس ہم نے بھی نکالے ہیں، آزادی اور ملین مارچ کیے ہیں لیکن عام آدمی کی زندگی کو تکلیف نہیں پہنچائی، اس طریقے سے درعمل پی ٹی آئی کی بوکھلاہٹ ہے لیکن قوم اس قسم کے حربوں سے گمراہ نہیں ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم بھی میدان میں کھڑے ہیں، ہم نے ان کو اقتدار سے نکالا اور آج سیاست سے بھی نکال دیا، یہ ہماری اور پوری قوم کی فتح ہے، اس فتح پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں