اسلام آباد(پی این آئی)پنجاب کے وزیر اعلی پرویز الہی اور خیبرپختونخوا کے وزیر اعلی محمود خان نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اختیار دے دیا۔جمعہ کو ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ملکی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں پنجاب اورکے پی اسمبلیاں توڑنے پر بیشترپی ٹی آئی رہنمائوں نے اتفاق کرلیا تاہم اسمبلیاں تحلیل کرنے کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ اجلاس میں کے پی اور پنجاب کے وزرائے اعلی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے اور دونوں وزرائے اعلی نے عمران خان کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اختیار دے دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزرائے اعلی کا کہنا تھاکہ آپ جب کہیں گے اسمبلیاں تحلیل کردیں گے۔پی ٹی آئی رہنما کے مطابق لانگ مارچ سے زیادہ ضروری اسمبلیاں تحلیل کرنا ہے، لانگ مارچ کا مقصد بھی نئے الیکشن ہیں، اگر اسمبلیاں تحلیل ہوں گی تو نئے الیکشن خودبخود ہوجائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں