اسلام آباد (پی این آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ رات کو پارٹی اراکین کو بتا دیا تھا کہ مجھے صبح نااہل قرار دیں گے، مافیا پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، الیکشن کمشنر نے ہمیشہ ہمارے خلاف فیصلے دیئے ہیں، جب تک زندہ ہوں مافیا کا مقابلہ کروں گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے عوام کے نام پیغام جاری کیا گیا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت جا رہے ہیں، اس کیس میں ایک چیز غیر قانونی نہیں نکلے گی کیونکہ ہمارے پاس تمام دستاویزات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور نواز شریف نے توشہ خانہ کا قانون توڑا، انہوں نے چار مہنگی گاڑیاں غیرقانونی طور پر نکالی تھیں۔عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمشنر نے ہمیشہ ہمارے خلاف فیصلے دیئے ہیں، ای وی ایم معاملے پر بھی الیکشن کمشنر نے ہمارا ساتھ نہیں دیا، پیپلزپارٹی اور ن لیگ سے ملکر الیکشن کمشنر نے ای وی ایم مشین کو مسترد کیا۔انہوں نےکہا کہ سینیٹ الیکشن میں یوسف رضاگیلانی کابیٹا پیسے دیتے ہوئے پکڑا گیا لیکن الیکشن کمیشن نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں الیکشن کمشنر کی مدد کے باوجود ن لیگ کوشکست ہوئی۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ کروڑوں روپے لوٹا کر ہمارے لوگوں کو خریدا گیا، ہم نے 25 مئی کو احتجاج کیا تو پولیس نے بےگناہ شہریوں پر تشدد کیا، میرے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کرائے گئے۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ یہ لوگ حکومت میں لیکن ضمنی انتخابات میں پھر بھی ان کو شکست ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رات کو پارٹی اراکین کو بتادیاتھا کہ مجھے صبح نااہل قراردیں گے۔
مافیا پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے اور نوازشریف کو ایک جیسا دکھایا جا رہا ہے، نوازشریف سب سے بڑا چوری ہے،اربوں ڈالر مالیت کے اس کے پاس پلازہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں جب کرکٹ کھیلتا تھا تب ایک فلیٹ خریدا تھا اور اس کی رسیدیں عدالت کو دکھائی جس نے مجھے صادق اور امین قراردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک زندہ ہوں مافیا کا مقابلہ کروں گا،ملک اس وقت فیصلہ کن موڑ پر ہے،تاریخ کا سب سے بڑا لانگ مارچ کروں گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں