نااہلی کے بعد حکومت نے عمران خان کو ایک اور بڑا جھٹکا دینے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف فوجداری مقدمہ ہوگا، الیکشن کمیشن کے متفقہ فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، فتنے کو ایکسپوز کرنے پر پارٹی سمیت قوم الیکشن کمیشن سے اظہارِ یکجہتی کرے۔

 

 

انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگی کارکن الیکشن کمیشن کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اپنے حلقوں اور شہروں میں باہر نکلیں، پرامن طور پر الیکشن کمیشن کو خراج تحسین پیش کریں، الیکشن کمیشن کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں، قوم کو مبارکباد پیش کریں۔اللہ کا شکرادا کریں اور شکرانے کے نوافل ادا کریں کہ فتنہ آج ایکسپوز ہوگیا ہے۔ سب کا فرض ہے کہ اس فتنے کا ادراک کریں جس نے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، اس کی شناخت اور قلع قمع کرنے میں ہرپاکستانی اپنا کردار ادا کرے، یہ تعلیمی اداروں میں جاکر بچوں اور طلباء میں نفرت کے بیج بو رہا ہے کہ سیاسی مخالفین کے ساتھ بیٹھنے کی بجائے خودکشی کو ترجیح دوں گا۔یہ فتنہ ملک دشمن ایجنڈے پر کارفرما ہے، آج الیکشن کمیشن نے اس فتنے کو چور ثابت کردیا ہے، جبکہ یہ دوسروں کو چورچور کہتا تھا۔

 

 

یہ اتنا گھٹیاچور ہے کہ اگر کوئی ملک سے باہر جائے اور پاکستان کی عزت کو دیکھ کر تحفہ دے ، چاہیے یہ تھا کہ اس گفٹ کی قیمت ادا کرکے استعمال کرے یا پھر توشہ خانہ میں رہنے دے، لیکن یہ بدبخت بے ایمان شخص ان تحائف کو دبئی کی دکانوں میں فروخت کرتا ہے، دوکاندار تحفہ دینے والے کو فون کرتے ہیں یہ گھڑی تو آپ نے اپنے لیے بنوائی تھی ، مگر یہاں سیل ہورہی ہے، کیا چوری ہوگئی ہے؟وہ کہتے چوری تو نہیں ہوئی لیکن شاید کسی چور کو تحفے میں دے دی تھی۔یہ چور مکافات عمل ہے، دوسروں کو چور کہنے والا خود کٹہرے میں ہے، اس کا تکبر ، غرور خاک آلود ہے۔ اس نے جو دوسروں پرجھوٹی تہمتیں لگائیں اور پروپیگنڈا کیا وہ آج اس کے سر پر ہے۔ آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ اس چور کے تابعدار بننے کی بجائے ریاست اور قوم کی تابعداری کریں، یہ سرٹیفائیڈ چور ثابت ہوچکے ہیں، پنجاب میں جہاں بھی لوگوں کیلئے مشکلات پیدا کی جارہی ہیں، میں نے آئی بی اور دوسری ایجنسیز سے پتا چلایا ہے کسی بھی جگہ 40، 50 سے زائد لوگ نہیں ہیں۔

 

 

اگر پنجاب میں ہماری حکومت ہوتی تو تیس چالیس لوگ بھی باہر نہ نکلتے لیکن یہ 30، 30لوگ حکومتی ایما ء پر باہر نکلے ہیں۔ پنجاب پولیس، خیبرپختونخواہ کو کہوں گا کہ وہ عوام کی مشکلات کو دو ر کریں۔ اگر یہ احتجا ج کرنا چاہتے ہیں تو ایک طرف کھڑے ہوکر احتجاج کریں۔ابھی تو صرف عمران خان کا احتساب ہوا ہے، بنی گالہ میں سارے چور سر جوڑ کر بیٹھے ہیں، ابھی تو پنکی پیرنی، فرح گوگی، القادر ٹرسٹ کے اربوں روپے کے کیسز باقی ہیں، بنی گالہ میں اکٹھے لوگ فساد برپا نہ کریں بلکہ فیصلے کے خلاف اپیل کریں۔فسادی ٹولے کو خبردار کرتا ہوں امن وامان کا مسئلہ پیدا نہ کریں، فیصلے نے قائم رہنا ہے، فیصلہ آپ کے خلاف آیا ہے، سب ثابت ہوچکا ہے، اتنی کمائی تم نے اپنی پوری زندگی میں نہیں کی، تم نے قوم کو پوری دنیا میں شرمندہ کیا ہے، کہ یہ ایسے لوگ ہیں،میں سمجھتا ہوں کہ جو آدمی اس گھٹیا لیول پر جاکر کرپشن اور چوری کرسکتا ہے اس نے انسانیت کے نام پر اور غریب مریضوں کے نام پر جو فنڈ اکٹھے کیے اس کو اگر چھانا گیا تو کیا کچھ نکلے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں