عمران خان کو سیاست سے مانس کرنے کا فارمولا، شاہ محمودقریشی نے بڑا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کو مائنس کرنے کا فارمولا کامیاب نہیں ہوگا، عوام پی ٹی آئی اور عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، فیصلے کو چیلنج کریں گے پٹیشن تیار ہورہی ہے ۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا منصوبہ سرے نہیں چڑھ پائے گا، عمران خان کو مائنس کرنے کا فارمولا کامیاب نہیں ہوگا۔

پہلے سازش اور مداخلت کے ذریعے حکومت گرائی گئی، جمعے کی شام حکومت گری اور اتوار کو لوگوں نے احتجاج کے ذریعے اس فیصلے کو رد کردیا، پھر عمران خان نے جلسے کیے جس میں لوگوں نے بھرپور شرکت کی، اس میں آپ نے دیکھا کہ ارکان اسمبلی کی وفاداریاں تبدیل کرالی گئیں لیکن عوام نے وفاداری تبدیل نہیں کی ، عوام پی ٹی آئی اور عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں، وہ راستے بند کردیے جو راستے پنجاب اور سندھ کو جوڑتے ہیں، کوئٹہ کے بارے اطلاعات آرہی ہیں، کراچی میں لوگ جمع ہورہے ہیں، یہ عوام کا ردعمل ہے، پی ٹی آئی تنظیم کا ردعمل عوام تک پھیل رہا ہے، ہمیں احتجاجی مظاہروں میں شام تک مزید اضافے کا امکان متوقع ہے۔ سینئر لیڈرشپ عمران خان کی قیادت میں شام کو دوبارہ بیٹھے گی، تفصیلی فیصلے کا جائزہ لیں گے ، فیصلے کو چیلنج کریں گے پٹیشن تیار ہورہی ہے ۔عمران خان ہی پی ٹی آئی کے چیئرمین ہیں اور رہیں گے، ابھی بھی عمران خان نے پارٹی کا اجلاس کی صدارت کی شام کو بھی عمران خان ہی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ لوگوں میں غم وغصہ اور اضطراب کی کیفیت ہے۔

اس ساری صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے عمران خان آئندہ کا فیصلہ کریں گے۔عمران خان کا نظریہ لوگوں کے ذہن میں اتر چکا ہے، ان کا خیال ہے کہ عمران خان کو نااہل کرنے سے پارٹی بیٹھ جائے گی یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کہا کہ آئین میں ہر ادارے کا کردار کا تعین کیا گیا ہے، اگر ہر ادارہ اپنے آئینی کردار کو نبھاتا ہے تو اچھی بات ہے آرمی چیف کا سیاست سے دور رہنے کا فیصلہ درست ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close