عمران خان سے پچاس سال کا تعلق ہے، اعتزاز احسن کا عمران خان سے دوستی کا اعتراف

لاہور(آئی این پی)پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری اعتزاز احسن نے پیپلزپارٹی چھوڑنے اور پی ٹی آئی میں شمولیت کی خبروں کی تردید کر دی۔میڈیا سے گفتگو کے دوران پی پی سینئر رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں ہوں اور عمران خان میرے دوست ہیں، پچاس سال سے عمران خان اور میرے گھر کی دیوار سانجھی ہے،پیپلز پارٹی میری فیملی ہے۔ سیاسی اختلاف پر کسی کو برا بھلا کہنے یا رانا ثنا اللہ کی زبان استعمال کرنے پر یقین نہیں رکھتا۔

انہوں نے کہا کہ ایک گروہ کو خبر مل گئی میں پیپلز پارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں جا رہا ہوں،یہ واویلا مچایا جا رہا ہے مجھے پارٹی سے نکالنا چاہیے۔ کہا جا رہا ہے پی ٹی آئی سے مجھے نگران وزیر اعظم بنانے کی بات ہو رہی ہے۔ کہا جاتا رہا کہ پارٹی دشمن رویے کے خلاف مال روڈ پر مظاہرہ ہورہا ہے،عمران خان میرے دوست ہیں مگر پیپلز پارٹی میراخاندا ن ہے۔اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ایسے انداز گفتگو میں یقین نہیں رکھتا کہ سیاسی اختلاف ہو تو جو برا کہنا چاہیں کہہ دیں۔ کیا اگر سیاسی اختلاف ہو تو وزیر داخلہ کی زبان استعمال کرنا شروع کر دیں۔ جب وکلا کی تحریک چلا رہا تھا تب بھی کہا جاتا تھا کہ یا پیپلز پارٹی چھوڑ دیں،میرا جواب تھا کہ پیپلز پارٹی چھوڑ سکتا ہوں اور نہ ہی وکلا تحریک۔ میرے تعلقات پارٹی کے ساتھ اس وقت بھی شائستہ تھے۔انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سرگودھا اور میں یہاں لاہور میں ہوں،میرا پیپلز پارٹی چھوڑنے کا کوئی امکان نہیں۔مجھے دو مئی 2007 کو پیپلزپارٹی چھوڑنے کا پیغام سابق صدر پرویز مشرف سے ملا تھا،پرویز مشرف نے کہا آپ وزیر اعظم بنیں، میں تب بھی تیار نہیں تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close