5 سے 11 سال کے بچوں کو کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لگانے کا اعلان

کراچی (آئی این پی)محکمہ صحت نے کراچی اور حیدرآباد میں 5 سے 11 سال تک کے بچوں کو کورونا ویکسین کی دوسری خوراک 31 اکتوبر سے 5 نومبر تک لگانے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی اور حیدرآباد میں 5 سے 11 سال تک کے بچوں کو کورونا سے بچاو کی ویکسین کی دوسری خوراک بھی لگائی جائے گی۔ جس کے لئے مہم 31 اکتوبر سے 5 نومبر تک جاری رہے گی ۔

اس سلسلے میں ایک اجلاس صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی صدرات میں منعقد ہوا جس میں سیکریٹری صحت ذوالفقار علی شاہ، پالیمانی سیکریٹری صحت قاسم سراج سومرو، ڈی جی صحت ڈاکٹر جمن بہوتو، ایڈیشنل ڈائریکٹر حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام سندھ ڈاکٹر ارشاد میمن اور فوکل پرسن برائے کورونا ڈاکٹر سہیل شیخ شرکت کی جب کہ تمام اضلاع کے صحت افسران نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بچوں کی کورونا ویکسینیشن مہم کے پہلا مرحلہ 19 سے 24 ستمبر تک جاری رہا تھا جس میں 25 لاکھ بچوں کو ویکسین لگائی گئی۔رپورٹ کے مطابق انہی بچوں کو کراچی کے 7 اضلاع اور حیدرآباد میں کورونا وائرس سے بچاو کی ویکسین لگائی جائے گی۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ عوام اور والدین کو مہم سے آگاہ کرنے کے لئے خصوصی انتظامات کیے جائیںگے اور جو والدین انکاری ہیں ان کی کاونسلنگ کی جائے گی تاکہ تمام بچوں کو ویکسین لگ سکے۔اس موقع پر ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ جن بچوں کو پہلی خوراک دی گئی ہے انہی کو دوسری خوراک دی جائے تاکہ ان کے اندر مدافعت پیدا ہو سکے، اسی صورت وہ اور دیگر افراد وائرس سے محفوظ رہ سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب جب کہ پاکستان میں وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے تو ہمیں اپنے بچوں کو بھی اس کی ویکسی نیشن کے ذریعے کورونا سے محفوظ کرنا ہوگا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں