اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی سب پربھاری سیاسی جماعت ہے، سب جماعتوں نے مل کر الیکشن لڑا پھر بھی ہار گئیں، سیاسی لبادے میں اقتدار پر مجرم قابض ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے تحریک انصاف شمالی پنجاب کے سوشل میڈیا ذمہ داران نے ملاقات کی۔جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت پی ٹی آئی کے بیانیے کے خدوخال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی سب پربھاری سیاسی جماعت ہے، سب جماعتوں نے مل کر الیکشن لڑا پھر بھی ہار گئیں، سیاسی لبادے میں اقتدار پر مجرم قابض ہیں۔ ہم نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ سیاست کے لبادے میں قابض گروہ آئین و جمہوریت پر حملہ آور ہے، پاکستان کو بیرونی سازش سے سیاسی و معاشی بحران کی دلدل میں دھکیلا گیا، قوم نے سازش کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کی توہین پر شدید ردِعمل دیا، بیرونی سازش کامیاب ہوئی تو عوام کسی تحریک کے بغیر سڑکوں پر نکلی۔عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ سرکار نے عوام کو دبانے کیلئے بدترین فسطائیت کا سہارا لیا اور میڈیا میں موجود آزاد اور غیرجانبدار آوازوں کو دبا کرجبر کا سکوت طاری کرنے کی کوشش کی۔
مزید برآں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی نے ملاقات کی۔ جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور ایوانِ بالا میں پی ٹی آئی کے کردار اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عمران خان نے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری اور ان پر تشدد کی مذمت کی۔ عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ سرکار آئین و پارلیمان کی حرمت پر حملہ آور ہے، ایوانِ بالا کے 74 سالہ رکن کی گرفتار اور تشدد کرکے آئین وقانون کی دھجیاں اڑائی گئیں، دنیا کا کوئی مہذب ملک محض اظہار رائے پر غیرانسانی سلوک کی اجازت نہیں دیتا، اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ کئے جانے کی وجوہات بھی ناقابلِ فہم ہیں، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ایوان کی حرمت کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں