اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو ملاقات میں تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروادی۔ منگل کو وزیرِ اعظم شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد نے ملاقات کی ، ملاقات میں کنوینر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت وفد میں وفاقی وزیرِ سمندری امور فیصل سبزواری، گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری اور وسیم اختر شامل تھے ۔
اس موقع پر وفاقی وزیرِ اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیرِ ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ ملاقات میں متحدہ کے وفد نے وفاقی حکومت کے سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور بحالی کے اقدامات پر وزیرِ اعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا اورملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ذرائع کے مطابق منگل کو وزیراعظم سے گورنر سندھ اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ملاقات کی جس میں ایم کیو ایم قیادت نے پیپلزپارٹی کے ساتھ معاہدے پرعمل درآمد نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ایم کیو ایم رہنمائوں نے وزیراعظم سے معاہدے پر عملدرآمد کیلئے مداخلت کی درخواست کی اور شکوہ کیا کہ گر اس سے متعلق کچھ نہیں ہوا تو حکومت میں رہنے کا جواز نہیں بنتا، اپنے ووٹرز اور عوام کو جواب دینا مشکل ہوگیا ہے۔وزیراعظم نے وفد کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں