اسلام آباد (پی این آئی) الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری کنور محمد دلشار کا کہنا ہے کہ عمران خان کو 30 روز میں 6 سیٹیں خالی کرنی ہوں گی، پھر الیکشن نہیں لڑ سکیں گے۔سابق بیوروکریٹ اور الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری کنور محمد دلشار کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان نے الیکشن کمیشن کو اپنی سیٹ سے آگاہ نہیں کیا تو 30 روز بعد اسپیکر قومی اسمبلی ان نشستوں کو خالی قرار دے سکتا ہے۔
اب یہ اسپیکر قومی اسمبلی پر منحصر ہے کہ وہ اپنا آئینی کردار کیسے ادا کرتے ہیں۔انہوں نے پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں چوہدری نثار اور سینیٹ میں اسحاق ڈار کے دو سے ڈھائی سال تک حلف نا اٹھانے اور سیٹ خالی قرار دئیے جانے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ وہ ایک الگ معاملہ تھا۔دونوں ایک ایک سیٹ سے جیتے تھے مگر یہاں عمران خان کے پاس سب کل سات قومی اسمبلی کی نشستیں ہیں،انہیں 30 روز میں 6 سیٹیں خالی کرنی ہوں گی جن پر دوبارہ ضمنی الیکشن ہو گا اور عمران خان ضمی الیکشن میں دوبارہ امیدوار نہیں بن سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ہماری اطلاع کے مطابق الیکشن کمیشن اس ضمن میں غور کر رہا ہے۔خیال رہے کہ اتوار کے روز ہونے والے ضمنی انتخابات میں عمران خان 8میں سے 6 نشستیں جیت گئے تھے۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ11 جماعتیں مل کر بھی عمران خان کو شکست نہ دے سکیں۔
ضمنی انتخابات میں خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف تمام نشستوں پر کامیاب ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلٰی خیبر پختو نخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات چور ٹولے کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوا،پی ٹی آئی ناقابل تسخیر بن چکی ہے اور واحد جماعت ہے جو وفاق کی نمائندگی کر رہی ہے۔ 11 جماعتیں مل کر بھی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو شکست نہ دے سکیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں