وہ حلقہ جہاں عمران خان پر 10ہزار جعلی ووٹ ڈالنے کا الزام عائد ہوگیا

چارسدہ (پی این آئی)عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما ایمل ولی کا این اے 24 چارسدہ میں شکست پر ردعمل میں کہنا ہےکہ 10 ہزار کے قریب جعلی ووٹ ڈالے گئے، ووٹوں کی تصدیق کے لیے الیکشن کمیشن جائیں گے۔ٹوئٹر پر ایک بیان میں ایمل ولی کا کہنا تھا کہ تاریخی طور پر یہاں ہمیشہ انتخابات کو مینیج کیا گیا ہے، آج بھی یہی کیا گیا، ایک رات پہلے بتا دیا تھا کہ صوبائی حکومت ووٹ خرید رہی ہے اور بوگس ووٹنگ کی سازش کر رہی ہے۔

 

 

ایمل ولی کا کہنا تھا کہ آڈیو کالز کے ثبوت موجود ہیں جس میں اس دھاندلی کی مکمل منصوبہ بندی کی گئی تھی، 10 ہزار کے قریب جعلی ووٹ ڈالے گئے، ووٹوں کی تصدیق کے لیے الیکشن کمیشن جائیں گے، صوبے میں لاکھوں اساتذہ ہیں لیکن لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ڈیوٹی پر لگانےکا کیا جواز بنتا ہے، انتخابات میں 100فیصد پوری سرکاری مشینری کا استعمال کیا گیا۔رہنما اے این پی کا کہنا تھا کہ مزید یہ ڈرامے بند ہونے چاہئیں، ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، ایک شخص پختونخوا کے وسائل کو ذاتی جاگیرکی طرح استعمال کرتا ہے، نیب کیوں سویا ہوا ہے؟ کارکنان اور پوری قوم کا شکریہ جنہوں نے منظم اور مؤثر ترین انتخابی مہم چلائی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں، سیاسی کارکنان ہر چیز پر نظر رکھتے ہیں اور اپنا سیاسی سفر جاری رکھتے ہیں۔

 

 

 

خیال رہےکہ این اے 24 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان کو 10ہزار 233 ووٹوں سے ہرایا۔ این اے 24 چارسدہ کے تمام 384 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق عمران خان 78 ہزار 589 ووٹ لے کرکامیاب ہوئے اور عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان 68 ہزار 356 ووٹ حاصل کرسکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close