عبدالحکیم بلوچ نے عمران خان کو کتنے ہزار ووٹوں سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا؟

کراچی (آئی این پی )کراچی کے ضمنی انتخابات میں این اے 237 ملیرکے غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ نے پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو دس ہزار ووٹوں سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا۔عبدالحکیم نے 32567 ووٹ حاصل کیے جب کہ عمران خان صرف 22493 ووٹ حاصل کرسکے ۔ اس نشست پر پہلے پی ٹی آئی کے کیپٹن ریٹائرڈ جمیل خان کام یاب ہوئے تھے۔

عبدالحکیم بلوچ نے 2013 میں مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر قومی اسمبلی کا الیکشن جیتا اور نواز شریف حکومت میں وزیر مملکت برائے ریلوے بنائے گئے 2016 میں اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دیکر پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے اور ضمنی الیکشن جیت لیا، 2018 میں معمولی فرق سے ہارے اور اب 2022 میں عمران خان کو ہرا کر اپ سیٹ کر دیا۔ ضمنی انتخابات میں جیت کے بعد ملیر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالحکیم بلوچ نے کہا کہ کراچی کے لوگ پڑھے لکھے لوگ ہیں، کراچی کے عوام نے عمران خان کے بیان کو ردکردیا، این 239میں بھی عمران خان کو کم ووٹ ملے اور ٹرن آئوٹ کم رہا، عمران خان کو اپنا بیانیہ تبدیل کرنا چاہیے۔ کراچی میری پیدائش ہے، میں حلقے کے لیے کام کروں گا، میری اولین خواہش ہوگی کہ گرین بیلٹ کو بچائیں، اعتماد کرنے پر بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتا ہوں، قدیمی گوٹھوں کو لیز دلوانا اولین ترجیح ہے، قبرستانوں کے لیے کراچی میں زمین نہیں بچی، کوشش ہوگی نئے قبرستانوں کے لیے زمین مختص کرائوں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ایم پی اے شائدبھگدڑ میں گر کر زخمی ہوئے، تحریک انصاف کے ایم پی اے کا تشددکا الزام سفید جھوٹ ہے ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close