خانیوال (پی این آئی) ضمنی انتخابات میں ن لیگ اور تحریک انصاف کے سپورٹرزکے درمیان مختلف مقامات پر تلخ کلامی اور الیکشن کمیشن کے ضابطہ کی خلاف ورزیاں کی اطلاعات ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خانیوال میں پی پی 209 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 52 میں جھگڑا ہوا ہے۔
پی پی 209 سے لیگی امیدوار درجنوں سپورٹرز کے ساتھ پہنچ گیا،لیگی سپورٹرز اور پاکستان تحریک انصاف کے پولنگ ایجنٹ کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی۔ن لیگ نے الزام لگایا کہ تحریک انصاف کا ایجنٹ ہمارے ووٹرز کو گمراہ کر رہا ہے۔ یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔کراچی، ملتان، مردان، چارسدہ، پشاور، فیصل آباد اور ننکانہ سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی الیکشن ہورہے ہیں۔جبکہ پنجاب اسمبلی کی نشستوں پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 209 خانیوال اور پی پی241 بہاولنگر میں بھی ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ قومی اسمبلی کی7 نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان خود امیدوار ہیں جبکہ ملتان کے حلقے این اے 157 پر شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہربانو پی ٹی آئی کی امیدوار ہیں جن کا مقابلہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے سے ہے۔قومی اسمبلی کی آٹھوں نشستیں پی ٹی آئی کے ارکان کے استعفوں کے باعث خالی ہوئی تھی۔
تمام حلقوں کی سکیورٹی کے لیے پولیس، رینجرز اور پاک فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔فیصل آباد اور ننکانہ صاحب میں بھی قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے، فیصل آباد میں عمران خان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی سے ہے۔شیخوپورہ، خانیوال اور بہاول نگر میں پنجاب اسمبلی کی تین نشستوں میں سے دو نون لیگ کے منحرف ارکان کے استعفوں سے خالی ہوئیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں